Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / سرینا یو ایس اوپن میں تاریخ رقم کرنے کے قریب

سرینا یو ایس اوپن میں تاریخ رقم کرنے کے قریب

نیویارک ۔ یکم سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس اپنے کیریئر میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ چکی ہیں جہاں یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ ہی وہ کیلنڈر گرانڈ سلام مکمل کر لیں گی۔کیریئر میں 21 گرانڈ سلام خطابات جیتنے والی سرینا رواں سال آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن اور ومبلڈن جیت کر تینوں گرانڈ سلام ٹائٹلس پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہیں اور یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ وہ چوتھا گرانڈ سلام حاصل کرکے کیلنڈر گرانڈ سلام اپنے نام درج کرائیں گی۔ اگر 33 سالہ اسٹار یہ کارنامہ انجام دے دیتی ہیں تو 27 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلی کھلاڑی ہوں گی۔ اس سے قبل 1988ء میں جرمنی کی اسٹیفی گراف نے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا جبکہ مردوں میںآخری مرتبہ یہ کارنامہ 1969ء میں راڈ لیور نے انجام دیا تھا۔ آج تک ٹینس کی تاریخ میں صرف پانچ کھلاڑی یہ سنگ میل عبور کر سکے ہیں۔ 1938ء میں پہلی مرتبہ ڈان بج نے یہ اعزاز حاصل کیا جس کے بعد راڈ لیور نے 1962ء اور 1969ء میں کیلنڈر گرانڈ سلام مکمل کیا، 1953ء میں مورین کونولی، 1970ء میں مارگریٹ کورٹ اور پھر 1988ء میں اسٹیفی گراف یہ اعزاز حاصل کرپائیں۔ مردوں کے عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ، عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اور اسپینی ٹینس اسٹار رفائل نڈال نے اس موقع پر سرینا کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ٹینس اسٹار یہ اعزاز حاصل کرنے کی مستحق ہیں۔واضح رہے کہ یہ ایونٹ جیتنے کی صورت میں سرینا کے گرانڈ سلام ٹائٹلس کی تعداد 22 ہو جائے گی اور ایسی صورت میں وہ پھر سب سے زیادہ 24 گرانڈ سلام جیتنے والی مارگریٹ کورٹ سے صرف دو گرانڈ سلام دور رہ جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT