Thursday , February 22 2018
Home / ہندوستان / سری سری کی دورۂ ایودھیا سے قبل یوگی سے ملاقات

سری سری کی دورۂ ایودھیا سے قبل یوگی سے ملاقات

لکھنو۔15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بانی آرٹ آف لیونگ سری سری روی شنکر نے کل اپنے دورۂ ایودھیا سے قبل چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ سے آج یہاں ملاقات کی۔ ریاستی حکومت کے ایک سینئر عہدیدار نے نیوزی ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ خیرسگالی ملاقات تقریباً 15 تا 20 منٹ چلی اور خوشگوار رہی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مسئلہ ایودھیا کا معاملہ ہے، ادتیہ ناتھ کا موقف نہایت واضح ہے۔ ریاستی حکومت کوئی فریق نہیں ہے۔ ہم کسی بھی حل کا خیرمقدم کرتے ہیں اور عدالت کے فیصلے کا احترام کریں گے۔ آل انڈیا مسلم پرنسل لا بورڈ کے رکن ظفریاب جیلانی کی طرف سے ان (سری سری) کی تجویز مسترد کیئے جانے سے متعلق سوال پر انہوںنے جواب دیا کہ وہ کوئی تجویز پیش نہیں کیے اور نہ ہی کوئی تجویز وصول کیے ہیں۔ چنانچہ اس کو مسترد کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ روی شنکر نے اس ہفتے کے اوائل دہلی میں کہا تھا کہ وہ رام مندر تنازعہ میں اپنے طور پر ثالث کی حیثیت سے رول ادا کرنا چاہتے ہیں اور 16 نومبر کو ایودھیا کا دورہ کرتے ہوئے تمام فریقوں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس کوئی مخصوص ایجنڈا نہیں اور وہ ہر ایک کی بات سننا چاہیں گے۔ گزشتہ روز ادتیہ ناتھ نے شہری مجالس مقامی کے انتخابات کے لیے مہم ایودھیا سے ہی شروع کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ایودھیا کا مطلب ایسی جگہ ہے جہاں یودھ (لڑائی) کا کوئی امکان نہیں ہوتا۔

TOPPOPULARRECENT