Monday , May 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکائی ٹیم ہندوستان میں بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم

سری لنکائی ٹیم ہندوستان میں بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم

 

اشون اور جڈیجہ کے خلاف حکمت عملی تیار : چنڈیمل

کولکتہ۔9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم دنیش چنڈیمل کی قیادت میں جیت کا عزم لئے چھ ہفتے کے دورہ پر ہندوستان پہنچ گئی۔مہمان ٹیم دورے کے دوران تین ٹسٹ، تین ونڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ سری لنکا نے آخری مرتبہ 2009 میں ہندوستانی سرزمین پر ٹسٹ سیریز کھیلی تھی جس میں اسے 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لنکا 11 نومبر کو ٹور میچ سے دورہ ہند کا آغازکر ے گی جبکہ پہلا ٹسٹ 16نومبرکو شروع ہوگا۔ ہندوستان آمد کے بعد سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے کپتان دنیش چنڈیمل نے اشارہ دیا ہیکہ وہ چار بولروں کی حکمت عملی اختیار کریں گے حالانکہ پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں منعقدہ دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں پانچ بولروں کی حکمت عملی اختیار کی گئی تھی جس سے اسے کافی فائدہ ہوا تھا لیکن وہاں کے حالات اور ہندوستان کی وکٹوں میں کافی فرق ہے لہٰذا پاکستان کے خلاف کھیلی گئی سیریز کے برعکس ہندوستان میں چار بولروں کی حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ چنڈی مل نے میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے خلاف ہم نے متحدہ عرب امارات میں 6 بیٹسمینوں اور 5 بولروں کے ساتھ میدان سنبھالا تھا جس کا ہمیں فائدہ ہوا تھا لیکن ہندوستان میں ہم چار بولروں کی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں آل راونڈر کی شمولیت پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ یاد رہے ہندوستان نے سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر ٹسٹ، ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میں کلین سویپ کرتے ہوئے اس دورہ پر 9-0 کی فتوحات حاصل کی تھی لیکن پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں سری لنکائی ٹیم نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 2-0 کی کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستان کے خلاف کھیلی جانے والی ٹسٹ سیریز کے ضمن میں چنڈیمل نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہندوستان فی الحال دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہے اور اس نے گذشتہ دو برسوں کے دوران بہترین کرکٹ کھیلی ہے لیکن ہم نے پاکستان کے خلاف بہتر مظاہرہ کیا ہے اور بحیثیت ٹیم کھلاڑی ہندوستان کے خلاف اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ کریں گے۔ چنڈیمل نے اعتراف کیا کہ ہندوستان میں ہندوستان کے خلاف کھیلنا بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے اور ہم ماضی کے نتائج کی بجائے اس سیریز میں بہتر مظاہرے پر اپنی توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ مہمان ٹیم کے کپتان کے بموجب یہ سیریز سری لنکا کیلئے چلینجنگ سیریز ہے اور وہ ہندوستان میں بہتر مظاہروں کیلئے پرعزم ہیں نیز ہم ماضی میں دیکھنا نہیں چاہتے بلکہ اس سیریز میں بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ ہم نے پاکستان کے خلاف بہتر مظاہرہ کیا ہے اور کھلاڑی ان فتوحات سے کافی پرعزم ہیں۔ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کے خلاف حکمت عملی موجود ہے لیکن اسے ابھی ظاہر نہیں کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT