Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا آئی سی سی کی تحقیقات میں مدد کیلئے تیار

سری لنکا آئی سی سی کی تحقیقات میں مدد کیلئے تیار

کولمبو۔25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے تمام کھلاڑیوں اورملازمین سے کہا ہے کہ وہ سابق کھلاڑیوں کی جانب سے کرپشن اور میچ فکسنگ الزامات کے بعد انٹرنیشل کرکٹ کونسل کی جانب سے شروع کی گئی تحقیقات میں مکمل تعاون کریں۔سابق بولر اور سلیکٹر وکرماسنگھے نے گزشتہ ہفتے ایک مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میچ کے غیر فطری اتار چڑھاؤ اور کھلاڑیوں کے انتخاب پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمے دار سری لنکن کرکٹ بورڈ کو قرار دیا تھا۔اس کے بعد کنٹریکت یافتہ ٹیم کے40 کھلاڑیوں نے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے ان الزامات کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا جس پر آئی سی سی نے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ہماری ایگزیکٹو کمیٹی نے تمام کھلاڑیوں اور عملہ کو ہدایت دی ہے کہ آئی سی سی کے انسداد کرپشن یونٹ سے تحقیقات میں تعاون کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم تمام افراد سے درخواست کرتے ہیں کہ اگر ان کے پاس کسی قسم کی معلومات ہیں تو وہ سامنے آئیں اور تمام ثبوت اور معلومات فراہم کر کے اس تحقیقات میں مدد کریں۔یاد رہے کہ وکرماسنگھے سے قبل سری لنکا کو1996کا ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان ارجنا رانا تنگا نے 2011 ورلڈ کپ فائنل میں سری لنکائی ٹیم کی ہندوستان کے خلاف شکست پر سوالات اٹھائے تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ وکرماسنگھے کی جانب سے ٹیم کی کارکردگی پر انگلیاں حال ہی میں بدترین کارکردگی کے بعد اٹھائی گئی ہیں جہاں ہندوستان کے خلاف ہوم سیریز میں میزبان ٹیم کو ٹسٹ سیریز میں 3۔0 اور ونڈے سیریز میں 5۔0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

 

TOPPOPULARRECENT