Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا آج افغانستان کیخلاف کامیابی کا خواہاں

سری لنکا آج افغانستان کیخلاف کامیابی کا خواہاں

کولکاتہ ۔16 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )اہم کھلاڑیوں کی سبکدوشی کے بعد جدوجہد سے پریشان دفاعی چمپیئن سری لنکائی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں سوپر 10 کے مقابلے میں کل یہاں افغانستان کے خلاف کامیابی کی خواہاں ہے ۔ دفاعی چمپیئن سری لنکائی ٹیم جوکہ 2009 ء اور 2012 ء میں بھی خطابی مقابلہ کھیل چکی ہے لیکن گزشتہ 14 مقابلوں میں اسے صرف 4 فتوحات حاصل ہوئی ہیں ۔ کمارا سنگاکارا اور مہیلا جیا وردھنے کی سبکدوشی کے بعد سری لنکائی ٹیم کو جدوجہد کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل اسے نیوزی لینڈ اور ہندوستان کے خلاف سیریز میں شکست کے علاوہ ایشیاء کپ میں بھی ناقص مظاہروں کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا ہے ۔ سری لنکائی ٹیم کے مسائل میں مزید اضافہ اُس وقت ہوگیا جب 2014 ء میں ٹیم کو خطاب سے ہمکنار کرنے والے کپتان لستھ ملنگا نے ٹیم کی قیادت سے کنارہ کشی اختیار کی ہے کیونکہ وہ گھٹنے کی تکلیف میں مبتلاء ہیں اور مکمل ٹورنمنٹ میں ان کی شرکت غیریقینی صورتحال کا شکار ہے ۔ ملنگا کی قیادت سے کنارہ کشی کے بعد ونڈے اور ٹسٹ ٹیم کے کپتان انجیلا میتھیوز کو قیادت سونپی گئی ہے ۔ گھٹنے کے زخم سے صحتیاب ہونے کے بعد ملنگا ٹیم میں شامل تو ہوچکے ہیں لیکن کل یہاں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں ان کی شرکت ہنوز غیریقینی ہے ۔ تاریخ سری لنکائی ٹیم کے ساتھ ہے کیونکہ بڑے ٹورنمنٹس میں یہ ٹیم استقلال کے ساتھ مظاہرہ کرنے کے علاوہ فتوحات بھی حاصل کرچکی ہے ۔ ہندوستان کی وکٹیں جوکہ اسپنرس کیلئے سازگار ہوتی ہیں، ان حالات میں سری لنکائی ٹیم کو افغانستان کے خلاف سبقت حاصل رہے گی

کیونکہ سری لنکائی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے اسپنر رنگنا ہیراتھ موجود ہیں جوکہ افغانستانی بیٹسمینوں کیلئے پریشانی پیدا کرسکتے ہیں ۔ سری لنکائی ٹیم کا بولنگ شعبہ کسی قدر کمزور دکھائی دیتا ہے لہذا ٹیم بیٹنگ شعبہ پر انحصار کرے گی جس کا آغاز اکٹوبر میں 40 ویں سالگرہ منانے والے دلشان کریں گے ۔ وارم اپ مقابلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف وہ کھاتا نہیں کھول پائے تھے لیکن ٹیم انتظامیہ ان سے بہتر مظاہرہ کی اُمید کررہا ہے ۔دوسری جانب افغانستان کی ٹیم جس نے زمبابوے کو شکست دیتے ہوئے سوپر 10 میں رسائی حاصل کی ہے وہ کسی قدر کمزور دکھائی دینے والی سری لنکائی ٹیم کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا ـکامیاب آغاز کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

TOPPOPULARRECENT