Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا کا تیسرا ٹوئنٹی 20 لاہور میں ہوگا:بورڈ

سری لنکا کا تیسرا ٹوئنٹی 20 لاہور میں ہوگا:بورڈ

دبئی ۔17 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام)کپتان اپل تھارنگا کے انکار کے باوجود سری لنکائی کرکٹ بورڈ نے وعدے کے مطابق پاکستان میں تیسرا ٹی20 میچ کھیلنے کا اعلان کردیا ہے۔متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ونڈے سیریز کے بعد ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی جس کا آخری میچ لاہور میں کھیلا جائے گا اور سری لنکائی کرکٹ نے آج اس کی منظوری دے دی ہے۔لاہور میں ٹی20 میچ کے حوالے سے سری لنکائی ٹیم کے دورہ پاکستان پر ابہام برقرار تھا اورگزشتہ دو ماہ سے حکومت پاکستان، سری لنکائی حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آزاد سیکیورٹی ماہرین کی مدد سے دورے کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔آج سری لنکائی کرکٹ بورڈ کا لاہور میں ٹی20 کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ورلڈ الیون کے کامیاب دورے کے نتیجے میں آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم کی اجازت ملنے پر سری لنکائی حکام نے بھی دورہ پاکستان کی منظوری دے دی۔دریں اثناء محدود اوورس کی کرکٹ میں سری لنکائی ٹیم کے کپتان اپل تھارنگا نے لاہور میں ٹی20 میچ کیلئے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے اور ان کی غیر موجودگی میں اب کشال پریرا کو قیادت کی ذمے داری سونپے جانے کا امکان ہے۔سری لنکائی سلیکشن کمیٹی میچ کیلئے ابتدائی 22 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرے گی جس کے بعد 20 اکتوبرکو 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی20 میچ لاہور میں 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔پاکستان جس نے گذشتہ ماہ ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی لاہور میں میزبانی کی ہے جو کہ ایک کامیاب تجربہ رہا جس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ سری لنکا کا ٹوئنٹی 20 مقابلے کے لئے پاکستان کا دورہ بھی کامیاب ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT