Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا کا دورہ پاکستان،مہمان ٹیم کو بورڈ کا سخت انتباہ

سری لنکا کا دورہ پاکستان،مہمان ٹیم کو بورڈ کا سخت انتباہ

کولمبو۔20 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر گرائم لبروئے نے اپنے کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف لاہور میں ہونے والا ٹی20 میچ کھیلنے سے انکار کرنے والے کھلاڑیوں کو باقی میچوں کیلئے بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں ہونا ہے اور یہ سری لنکا کا 2009 کے بعد پاکستانی سرزمین پر پہلا میچ ہو گا۔یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکائی ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس حملے کے بعد سری لنکا پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی صف اول کی ٹیم ہو گی۔میچ کے پاکستان میں انعقاد کے بعد سری لنکائی کپتان اپل تھرنگا نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جبکہ رپورٹس کے مطابق تجربہ کار کرکٹرز دنیش چندیمل اور لاستھ ملنگا سمیت چند دیگر کرکٹرز بھی پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں۔کھلاڑیوں کے انکار کو دیکھتے ہوئے سری لنکائی چیف سلیکٹرز نے سخت موقف اپناتے ہوئے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان نہ آنے والے کھلاڑیوں کو باقی سیریز کیلئے بھی منتخب نہیں کیا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں سری لنکائی چیف سلیکٹر گرائم لبروئے نے کہا کہ بورڈ کھلاڑیوں کو قائل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی جو کھلاڑی نہیں مانیں گے وہ پاکستان کے خلاف ٹونٹی20 سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جو کھلاڑی پاکستان جانے پر رضامند ہوں گے صرف انہیں ہی پوری سیریز کیلئے منتخب کیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ سلیکٹرز کا نہیں بلکہ سری لنکائی بورڈ اور وزارت کھیل کا بھی ہے اور اگر بورڈ اپنے موقف پر قائم رہا تو اس صورت میں انہیں پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے نئے کپتان کا تقرر کرنا ہو گا کیونکہ موجودہ کپتان اپل تھرنگا پہلے ہی لاہور میں کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT