Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا کو شکست،پاکستان کو ونڈے سیریز میں 2-0 کی سبقت

سری لنکا کو شکست،پاکستان کو ونڈے سیریز میں 2-0 کی سبقت

ابو ظہبی ۔17 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے بابر اعظم اور شاداب خان کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں32 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔109 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت ابتدائی بحرانی صورت حال سے پاکستانی ٹیم باہر نکل پائی اور مقررہ 50 اوورس میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے جس میں بابر اعظم 101 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، انہوں نے اس اننگز کے دوران چھ چوکے لگائے۔شاداب خان نے ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی۔سری لنکا کی جانب سے لہیرو گماگے چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جبکہ تھسارا پریرا کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔سری لنکا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 10 کے مجموعی اسکور پر جنید خان نے نروشن ڈکویلا کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی جبکہ اسکور 30 تک پہنچا تو حسن علی نے کشال مینڈس کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو دوسرا نقصان پہنچایا۔پاکستان کو جلد ہی مزید کامیابی مل جاتیں ناقص فیلڈنگ کے سبب پاکستانی کھلاڑیوں نے سری لنکائی کپتان اپل تھارنگا اور ساتھی کھلاڑی کہیرو تھریمانے کو دوسری زندگی فراہم کی۔دونوں کھلاڑیوں نے 40 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 70 پہنچایا ہی تھا کہ شعیب ملک نے پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے تھریمانے کو میدان بدر کردیا۔شاداب نے دنیش چندیمل کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ اسکور میں چار رنز کے اضافے سے ملندا سری وردنا کو بھی چلتا کردیا۔ابھی سری لنکائی ٹیم ان نقصانات سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ محمد حفیظ نے بابر اعظم کی مدد سے تھسارا پریرا کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ شاداب نے اکیلا دھننجیا کو آؤٹ کیا تو سری لنکائی ٹیم 93 رنز پر سات وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی اور کپتان اپل تھارنگا دوسرے سرے سے بے بسی کے عالم میں ساتھی کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا تماشا دیکھتے رہے۔اس موقع پر کپتان کا ساتھ نبھانے جیفری ویندرسے کی میدان میں آئے جنہوں نے مشکل مرحلے پر عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے آٹھویں وکٹ کیلئے 76 رنز کی شراکت قائم کی۔اس دوران دونوں کھلاڑی انتہائی خوش قسمت بھی ثابت ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیلیں مسترد کر دی گئیں حالانکہ ری پلے سے صاف ظاہر تھا کہ گیند وکٹ کو ٹکرا رہی تھی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب رومان رئیس نے ویندرسے کو احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ کروادیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 22 رنز بنائے۔ تھارنگا نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی لیکن اسی شاٹ پر دوسرا رن لینے کی غیر ضروری کوشش میں سورنگا لکمل وکٹ دے بیٹھے۔پاکستان کو آخری وکٹ کے حصول میں بھی زیادہ دیر نہ لگی اور گماگے تین رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے جس کے ساتھ ہی پاکستان نے 32 رنز کی کامیابی حاصل کی۔مہمان کپتان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 112 رنز کی اننگز کھیل کر سری لنکا کی جانب سے ونڈے میں مکمل اننگز میں ناٹ آوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین بن گئے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔شاداب خان کو شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT