Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / سری لنکا کیخلاف آج تیسرا ٹسٹ‘ہندوستان کی 3-0پر نظریں

سری لنکا کیخلاف آج تیسرا ٹسٹ‘ہندوستان کی 3-0پر نظریں

 

میزبان ٹیم کا فاسٹ بولنگ پر انحصار کا فیصلہ
بارش سے مقابلہ متاثر ہونے کا امکان

پلی کیلے۔11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے خلاف 3 مقابلوں کی رواں سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں شاندار فتوحات کے ساتھ سیریز پر قبضہ جمانے کے بعد ہندستانی کرکٹ ٹیم کی نگاہیں کل یہاں شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹسٹ کے ساتھ سیریز میں 3-0 کی کلین سویپ کرکے تاریخ رقم کرنے پر مرکوز ہیں۔ ہندستان نے 85 سال کی تاریخ میں صرف ایک مرتبہ ہی غیر ملکی میدان پر سیریز میں تین ٹسٹ جیتے ہیں اور اب اسٹار کھلاڑی اور کپتان ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ایک مرتبہ پھر ٹیم کے پاس تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے ۔ ہندستان نے کوہلی کی ہی قیادت میں 22 سال کے بعد سری لنکا دورے میں تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیتی تھی اور اس مرتبہ کپتان 3-0 سے کلین سویپ کرنے کے قریب ہیں۔ ہندوستان کے کامیاب کپتانوں میں شمار 28 سالہ کوہلی کی قیادت والی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں بغیر کسی پریشانی کے پلی کیلے میں میزبان ٹیم کو شکست دینے کا سنہری موقع ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم اس میچ میں شکست ٹال کر اپنا وقار محفوظ کرنا چاہے گی۔ ہندستان نے پہلے گال ٹسٹ میں سری لنکا کو304 رنز اور دوسرے ٹسٹ میں اننگز اور53 رنز سے شاندار کامیابی اپنے نام کی تھی۔ اگرچہ ہندستانی ٹیم کو اس میچ میں بھی پوری طاقت کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ نتائج کے لحاظ سے یہ اہم نہ ہو لیکن میزبان ٹیم اس میچ میں واپسی کرنے کے لئے ضرور جدوجہد کرے گی۔ سری لنکا کی ٹیم گزشتہ میچوں میں شرمناک شکست سے پہلے ہی دباؤ میں ہے اور خود ان کے کھیلوں کے وزیر نے کھلاڑیوں پر سخت تنقید کی ہے ۔اس اہم مقابلے میں سری لنکائی ٹیم نے فاسٹ بولنگ پرانحصار کرنے کا فیصلہ کیا اور یہاں کی وکٹ بھی فاسٹ بولروں کے لئے سازگار مانی جارہی ہے۔سری لنکا نے زخمی نوون پردیپ اور رنگناہیراتھ کے مقام پر فاسٹ بولروں دشمنتھا چمیرا اور لہیروگیمیج کو ٹیم میں شامل کیا ہے تاکہ فاسٹ بولنگ کو اصل طاقت بنایا جائے۔ان حالات میں کوہلی بھی قطعی 11 کھلاڑیوں میں تیسرے فاسٹ بولر بھونیشور کمار کو شامل کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT