Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

لاہور ۔23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دو ٹسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔رواں برس انگلینڈ میںآئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹسٹ میں قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد کے علاوہ پاکستان ٹیم کے16 رکنی اسکواڈ میں شان مسعود، سمیع اسلم، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف، میر حمزہ، محمد عامر، حسن علی، محمد عباس اور وہاب ریاض شامل ہیں۔اوپنر احمد شہزاد، آل راؤنڈر محمد حفیظ اور نوجوان اسپنر شاداب خان ٹسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے۔لاہور میں پریس کانفرنس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا آئندہ سیریز کے لئے سرفراز کی کارکردگی پوری ٹیم کے لیے بہت اہم ہوگی۔انہوں نے مزید کہا ک یو اے ای میں وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اسی لیے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں جبکہ بولنگ کے شعبے کو مزید مضبوط کرنے کے لیے یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت فٹنس ٹسٹ سے مشروط تھی تاہم اپنا فٹنس ٹسٹ کامیاب کرنے کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا۔انضمام الحق نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین مڈل آرڈر میں خلا پرکریں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹسٹ 28 ستمبر کو ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹسٹ میچ 6 اکتوبر سے دبئی کے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT