Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکن ٹیم کا سنگاکارا کو شایانِ شان الوداع کہنے کا عزم

سری لنکن ٹیم کا سنگاکارا کو شایانِ شان الوداع کہنے کا عزم

ہندوستانی ٹسٹ کپتان کوہلی کی قیادت میں پہلی مکمل سیریز ۔ آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر ہندوستان کی نگاہیں مرکوز

گال ، 11 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف پانچ سال کی طویل مدت کے بعد ٹسٹ سیریز کھیلنے والی سری لنکن ٹیم اپنے صف اول کے کھلاڑی کمار سنگاکارا کو شایانِ شان انداز میں الوداع کہنے کی تیاری میں مصروف ہے جبکہ پہلا ٹسٹ کل یعنی چہارشنبہ کو یہاں شروع ہورہا ہے۔ دوسری طرف ہندوستان نے آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر نگاہیں مرکوز کر کے اس کے جشن کو خراب کرنے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے۔ ویسے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی قیادت میں یہ پہلی مکمل سیریز ہونے جارہی ہے۔ گال ٹسٹ کے بعد سنگاکارا کولمبو میں مقررہ سیریز کے دوسرے ٹسٹ میںآخری بار ایکشن میں دکھائی دیں گے جس کے سبب اس سیریز کو ان کی الوداعی سیریز بھی کہا جا رہا ہے۔ سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز نے حال ہی میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ ہندوستان کے خلاف سیریز جیت کر سنگاکارا کو زبردست انداز سے رخصت کریں گے لیکن کل سے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز میں ہندوستان نے بھی بیرون ملک کامیابیوں کیلئے غوروخوض  شروع کر دیا ہے جس کی اولین کوشش ہو گی کہ وہ کامیابی کے ساتھ آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلے۔ موجودہ طور پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف 3-0 سے کامیابی کے بعد اپنی پوزیشن بہتر کر سکتی ہے

لیکن اسے تیسری پوزیشن پر قابض ہونے کیلئے ایشز سیریز کے حتمی نتیجے پر بھی انحصار کرنا ہوگا اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ آسٹریلین ٹیم انگلینڈ کو اوول میں ناکامی سے دوچار کردے ۔ اس کے علاوہ سیریز میں 2-1 کی کامیابی ہندوستان کو تین پوائنٹس کا مالک بنا دے گی۔ دوسری جانب ساتویں نمبر کی ٹیم سری لنکا نے اگر ہندوستان کو 3-0 سے ہرا دیا تو وہ آٹھ پوائنٹس لے کر پانچویں پوزیشن پر پہنچ جائے گی اور ہندوستان کے پوائنٹس 89 پوائنٹس ہو جائیں گے۔ اس موقع پر کوہلی کافی پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں اور آج انھوں نے کہا کہ وہ کل پہلے دن سے ہی سری لنکا کے خلاف درست ردھم حاصل کرلینا چاہیں گے۔ پری میچ پریس کانفرنس میں کوہلی نے کہا، ’’یہ میری پہلی مکمل سیریز ہے۔ یہ عظیم موقع ہے کہ کچھ ردھم حاصل کرلیا جائے کیونکہ یہ تین ٹسٹ کی سیریز ہے، جس کیلئے پہلے سے ذہن میں کچھ منصوبہ بندی کرنی ہوگی، بہرحال موقع دستیاب ہے اور عملی منصوبے کو درست انداز میں روبہ عمل لانا ہے‘‘۔ کوہلی کی پانچ ماہر بولروں کو کھلانے کی جارحانہ حکمت عملی کی آزمائش ہوگی۔ اور ہندوستان کو امید ہے کہ سری لنکائی سرزمین پر سیریز فتح کیلئے 22 سالہ انتظار ختم ہوجائے گا۔ جہاں تک کھلاڑیوں کی دستیابی کا سوال ہے، اوپنر مرلی وجئے زمبابوے ٹور سے جاری ہیمسٹرنگ انجری کے باعث اس ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ کوہلی عین ممکن ہے نوجوان لوکیش راہول کو موقع دیں گے۔
میچ کا آغاز :  صبح 10:00 بجے ( IST ) ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT