Sunday , November 19 2017
Home / ہندوستان / سستی شرح پر بہتر نگہداشت صحت، نئی حکومتی پالیسی

سستی شرح پر بہتر نگہداشت صحت، نئی حکومتی پالیسی

نئی دہلی  16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ملک کے تمام شہریوں کے لئے سستی شرح پر بہتر صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے سے متعلق نئی صحت پالیسی کا آج لوک سبھا میں اعلان کیا۔ وزیر صحت جی پی نڈا نے ایوان میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی کابینہ کی یہاں منعقدہ میٹنگ میں اس پالیسی کو گزشتہ روز منظوری دی گئی۔ انہوں نے اسے قومی عہد قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذریعہ مریض کو معیاری اور تمام ضروری سہولتوں پر مشتمل ہیلت سروس دینے کو اہمیت دی گئی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس نئی پالیسی کا مقصد تمام عمرکے لوگوں کو معیاری اور بہتر نگہداشت صحت کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ پالیسی پیشہ ور لوگوں کی طرف سے تیار کی گئی ہے اور اسے مریضوں کے مفادات پر مرکوز کرتے ہوئے مساوات، معیار اور ذمہ داری کو اس کی بنیاد بنایا گیا ہے ۔ پالیسی میں بہتر صحت کو قومی ہدف بنایا گیا ہے اور اس بات کا یقین کیا گیا ہے کہ ملک کے ہر شہری کو سستی شرح پر معیاری علاج ملے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ پالیسی مریض پر مبنی ہے جس میں اس کی صحت سے متعلق تمام ضروری سہولیات فراہم کرانا ہے اور مریض کو بااختیار بنانا ہے ۔ اس کا مقصد نوزائدہ بچوں کی شرح اموات کو کم کرنا اور ذیابیطس اور بلڈ پریشر جیسے غیر متعدی بیماریوں سے نمٹنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی کو حتمی شکل دینے سے پہلے عوام کے درمیان رکھا گیا اور پالیسی سازوں کو عام لوگوں کی طرف سے پانچ ہزار مشورے ملے ۔ان تمام مشوروں پر غور کرکے ضروری نکات کو پالیسی میں شامل کیا گیا ہے تاکہ صحت کی خدمات میں بنیادی سطح پر تبدیلی لائی جا سکے ۔ اس میں غریبوں کے لئے مفت ادویات اور مفت جانچ پر زور دیا گیا ہے ۔ پالیسی میں 2017 تک کالازار کے خاتمے اور 2025 ء تک اندھے پن کو 25 فیصد تک کم کرنا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT