Friday , April 27 2018
Home / Top Stories / سشماسوراج کی ریاض آمد، آج جنادریہ فیسٹیول کا افتتاح

سشماسوراج کی ریاض آمد، آج جنادریہ فیسٹیول کا افتتاح

ریاض ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشماسوراج اپنے اولین دورہ سعودی عرب پر آج یہاں پہنچیں۔ وہ تیل کی دولت سے مالامال اس خلیجی مملکت میں جہاں تقریباً 30 لاکھ ہندوستانی مقیم ہیں، جنادریہ فیسٹیول کا افتتاح کریں گی۔ سوراج اپنے تن روزہ دورہ کے موقع پر سعودی قیادت سے ملاقات کے دوران باہمی، علاقائی اور عالمی امور و مسائل پر تبادلہ خیال کریں گی۔ وہ قومی ورثہ اور تہذیب و ثقافت کے باوقار فیسٹیول جنادریہ کی افتتاحی تقریب میں حصہ لیں گی جس میں ہندوستان کو اعزازی مہمان ملک کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے۔ سعودی نیشنل گارڈز نے اس قومی جشن کا اہتمام کیا ہے، جس میں مملکت کے تہذیبی ورثے کی نمائش کی جاتی ہے۔ وزارت امورخارجہ میں ترجمان راویش کمار نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’پرتپاک استقبال سے ہمارے تعلقات کا اظہار ہوتا ہے۔ وزیرامور خارجہ کی ریاض ایرپورٹ پر آمد کے موقع پر سعودی حکام اور ہندوستانی سفیر احمد جاوید نے استقبال کیا۔ سعودی عرب نے ہندوستان کا قابل قدر حکمت عملی کا ساجھیدار ہے‘‘۔ سوراج کل یہاں جنادریہ فسٹیول کا افتتاح کریں گی۔ مملکتی وزیرخارجہ وی کے سنگھ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اس فسٹیول میں ہندوستان کی شرکت ہمہ جہتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس فسٹیول میں ایک ہندوستانی پویلین قائم کیا گیا ہے جس میں مختلف کلیدی ہندوستانی پراجکٹس کے علاوہ روایتی اور عصری ہندوستان کی جھلک پیش کی جائے گی‘‘۔ سعودی عرب میں 30 لاکھ ہندوستانی اور حالیہ عرصہ کے دوران بالخصوص اپریل 2016ء میں وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کو کافی فروغ و استحکام حاصل ہوا ہے۔ چین اور امریکہ متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب ہی ہندوستان کا چوتھا بڑا تجارتی ساجھیدار ہے۔

TOPPOPULARRECENT