Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / سشما سوراج کی ‘مثبت پیام کے ساتھ سہ روزہ دورہ پر پاکستان آمد

سشما سوراج کی ‘مثبت پیام کے ساتھ سہ روزہ دورہ پر پاکستان آمد

عشائیہ پر سرتاج عزیز نے گرمجوشانہ استقبال کیا ۔ آج باہمی بات چیت ۔ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات ہوگی
اسلام آباد 7 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج اپنے پاکستانی ہم منصب سرتاج عزیز سے ایک عشائیہ میں ملاقات کی جو سرتاج عزیز نے افغانستان پر منعقد ہونے والی ہمہ قومی کانفرنس کے مندوبین کیلئے منعقد کیا تھا ۔ سرتاج عزیز نے گرمجوشی کے ساتھ سشما سوراج کا خیر مقدم کیا اور دونوں مختصر سی بات چیت میں مصروف رہے ۔ سرتاج عزیز بعد ازاں سشما سوراج کے ساتھ بیٹھے رہے ۔ سشما سوراج آج سہ روزہ دورہ پر پاکستان آئیں ۔ یہ دورہ در اصل قلب ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے ہے ۔ افغانستان پر وزارتی اجلاس کا کل انعقاد عمل میں آنے والا ہے ۔ سشما سوراج اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرتاج عزیز سے کل باہمی ملاقات کرینگی اور وہ کل وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے بھی بات چیت کرینگی ۔ سشما سوراج نے پاکستان پہونچنے کے بعد کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات بہتر ہونے چاہئیں اور وہ پاکستانی قائدین کے ساتھ باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کی راہیں تلاش کرنے پرتبادلہ خیال کرینگی ۔ سشما نے کہا کہ وہ اس پیام کے ساتھ یہاں آئی ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات بہتر ہونے چاہئیں اور آگے بڑھنے چاہئیں۔ سوراج کے دورہ پاکستان سے قبل دونوں ملکوں کے مشیران قومی سلامتی کی بنکاک میں اتوار کو ملاقات ہوئی تھی ۔

اس موقع پر دونوں مشیران نے دہشت گردی ‘ جموںو کشمیر اور دوسرے کئی باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ کل ہونے والی اپنی ملاقات سے قبل ماحول کو واضح کرتے ہوئے دونوں ہی وزرائے خارجہ نے اس امید اور خواہش کا اظہار کیا کہ تعلقات کو بہتر بنانے اور آگے بڑھانے کیلئے کوشش کی جائیگی ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کل ہونے والی ملاقات کا نتیجہ اچھا اور مثبت رہے گا اور دونوں ہی فریقین کو چاہئے کہ وہ بات چیت کو آگے بڑھائیں اور تعلقات کو بہتر بنائیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ بات چیت سے ان کی توقعات مثبت ہیں۔ وہ سشما سوراج کے اس بیان پر رد عمل کا اظہار کر رہے تھے کہ وہ ایک مثبت پیام کے ساتھ پاکستان آئی ہیں کہ تعلقات کو بہتر ہونا چاہئے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ کل ہونے والی بات چیت تعلقات کو بہتر بنانے اور آگے بڑھانے کیلئے ہوگی ۔ سشما سوراج نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے تعلق سے کہا کہ ہندوستان کیالئے یہ کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ وہ افغانستان کے ربط رکھتا ہے ۔ اسی لئے وہ اس میں شرکت کیلئے یہاں آئی ہیں۔ چونکہ یہ کانفرنس پاکستان میں ہو رہی ہے اس لئے ان کیلئے یہ ضروری اور مناسب ہے کہ وہ وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں اور اپنے ہم منصب سرتاج عزیز کے ساتھ بھی بات چیت میں حصہ لیں تاکہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات بہتر ہوسکیں۔ قبل ازیں سشما سوراج سہ روزہ دورہ پر آج پاکستان پہونچیں۔

TOPPOPULARRECENT