سشیل کمار شنڈے اور سپریا سولے نے ووٹ دیا

پونے ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) متعدد پولنگ بوتھس پر آج عوام کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں جہاں وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے آئے تھے۔ صبح میں جلد پولنگ بوتھ پہنچ کر ووٹ دینے والوں میں مرکزی وزیر سشیل کمار شنڈے بھی شامل ہیں، جو سولاپور سے کانگریس کے امیدوار ہیں۔ ان کے علاوہ بارامتی میں این سی پی کی امیدوار سپریا سولے جو پارٹی سربراہ شردپوار کی دختر ہیں، نے بھی صبح جلدی پولنگ بوتھ پہنچ کر ووٹ دیا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں میں یہاں ہلکی بارش بھی ہوئی لیکن نوجوان اور معمر ووٹرس نے صبح سے ہی پولنگ بوتھس پر پہنچنا شروع کردیا تھا۔ پونے ڈسٹرکٹ میں چار لوک سبھا حلقہ ہیں جن کے نام پونے سٹی، ناول، شیرور اور بارامتی ہیں۔

مودی فلمی اداکاروں سے تائید حاصل کرنے پر مجبور : ششی تھرور
چینائی 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر نریندر مودی کی ٹاملناڈو میں فلم اسٹارس سے ملاقات پر مرکزی وزیر ششی تھرور نے کہا کہ واضح ہوگیا کہ مودی کی لہر نہیں اور وہ اداکاروں کی مقبولیت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ششی تھرور نے کہا کہ اگر واقعی ملک میں نریندر مودی کے حق میں کوئی لہر ہوتی تو آج وہ لوگ ان کے اطراف نہ ہوتے جو ان کے ساتھ ہیں۔ خود مودی انہیں اپنے اطراف جگہ دینے تیار نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی صرف فلمی شخصیتوں اور مقبول افراد سے ملاقاتیں کرتے ہوئے فائدہ حاصل کرنے کوشاں ہیں اور انہیں خود اپنی کامیابی کا یقین نہیں ہے ۔

TOPPOPULARRECENT