Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / سعودی ایر لائینس کی خدمات، رہائشی اخراجات میں اضافہ، منٰی اور مزدلفہ میں کھانے کی سربراہی: پروفیسر ایس اے شکور

سعودی ایر لائینس کی خدمات، رہائشی اخراجات میں اضافہ، منٰی اور مزدلفہ میں کھانے کی سربراہی: پروفیسر ایس اے شکور

تلنگانہ عازمین حج کی پروازوں کا 11اگسٹ سے آغاز
حیدرآباد۔/20اپریل ، ( سیاست نیوز) حج 2017 کے تلنگانہ عازمین حج کی روانگی کا 11اگسٹ سے آغاز ہوسکتا ہے اور اس مرتبہ سعودی ایر لائنس کے طیاروں کے ذریعہ عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے حج 2017 کے فلائیٹ شیڈول کو تقریباً قطعیت دے دی ہے اور اس بارے میں متعلقہ ریاستی حج کمیٹیوں کو اطلاع دی گئی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ایک ملاقات میں انکشاف کیا کہ اب تک طئے شدہ شیڈول کے مطابق تلنگانہ کے عازمین کی روانگی 11 تا 22 اگسٹ عمل میں آئے گی اور یہ دوسرے مرحلہ کی پروازیں ہوں گی۔ تلنگانہ کے عازمین حج حالت احرام میں جدہ پہنچیں گے جہاں سے وہ مکہ مکرمہ پہنچ کر پہلے عمرہ کی ادائیگی کریں گے۔ جاریہ سال عازمین حج کیلئے کئی رعایتوں اور سہولتوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش کے اخراجات میں اضافہ ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ پہلے مرحلہ کی پروازیں 24 جولائی تا 7 اگسٹ ہوں گی اور اس مرحلہ میں شامل ریاستوں کے عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ تلنگانہ کو دوسرے مرحلہ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو برسوں کے بعد دوبارہ سعودی ایر لائینس کی پروازیں تلنگانہ کیلئے الاٹ کی گئی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق منیٰ میں قیام کے دوران معلم کی جانب سے 3 وقت کا کھانا سربراہ کیا جائے گا جبکہ سابق میں صرف ایک وقت کا کھانا سربراہ کرنے کی روایت تھی۔ مزدلفہ میں بھی معلم کی جانب سے پیاکڈ فوڈ سربراہ کئے جائیں گے جس میں فروٹ اور ہلکی غذائیں ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میدان عرفات میں اس مرتبہ سعودی حکام کی جانب سے فائر پروف ٹینٹس نصب کئے جائیں گے اور گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے ایر کولرس کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کو فون کے سم کارڈز حج کمیٹی کی جانب سے سربراہ نہیں کئے جائیں گے بلکہ عازمین حج کو اپنے طور پر اس کا انتظام کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جدہ ایر پورٹ پر عازمین اپنے طور پر سم کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ عازمین حج کیلئے بیاگیجس کا وزن ہوٹل میں نہیں بلکہ ایر پورٹ پر کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق گرین زمرہ کی رہائش کا انتظام حرم سے 100 میٹر کے اندرونی حصہ میں رہے گا جبکہ گزشتہ سال یہ 150 میٹر کے حدود میں تھا۔ مدینہ منورہ میں 350میٹر کے حدود میں رہائش کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں گرین زمرہ کیلئے رہائش کے اخراجات اس مرتبہ 4500 ریال ہوں گے جبکہ عزیزیہ زمرہ کے اخراجات 2580 ریال ہوں گے۔ مدینہ منورہ میں رہائش کے اخراجات 700 ریال ہوں گے جبکہ گزشتہ سال یہ 500 ریال تھے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے سنٹرل حج کمیٹی کے شیڈول کے مطابق اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور گزشتہ سے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے حج کمیٹی کیلئے مختص کردہ مکمل بجٹ جاری کردیا ہے اور بہتر انتظامات کے سلسلہ میں کمیٹی کو حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

TOPPOPULARRECENT