Friday , January 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / سعودی خواتین آج میدان میں مقابلہ دیکھیں گی

سعودی خواتین آج میدان میں مقابلہ دیکھیں گی

 

ریاض ۔11جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی خواتین حکومت کی اجازت ملنے کے بعد ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کل (جمعہ کے دن) فٹبال میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم جاسکیں گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق دو 12 جنوری کو خواتین پر اسٹیڈیم کے بند دروازے کھل جائیں گے اور وہ تاریخ میں پہلی مرتبہ فٹبال میچ دیکھنے کے لیے میدان جا سکیں گی۔ وزارتِ اطلاعات کے مطابق مقامی ٹیموں کے مابین 12 اور 18 جنوری کو فٹبال میچ ریاض ، جدہ اور دمام میں منعقد کیے جائیں گے جنہیں خواتین اسٹیڈیم جا کر دیکھ سکیں گی۔ سعودی حکومت کی اجازت کے تحت خواتین کو میچ دیکھنے کے دوران مکمل آزادی ہو گی اور وہ اس سے مکمل لطف اندوز بھی ہوسکیں گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں خواتین پر شرط عائد تھی کہ وہ تعلیم، سفر اور دیگر سرگرمیوں کے لیے محرم کے ساتھ جائیں اس کے علاوہ اْن کے اسٹیڈیم جانے پر مکمل پابندی عائد تھی لیکن گزشتہ برس وسط میں سعودی ولی عہد نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے پابندی ختم کردی تھی۔سعودی حکومت نے 2030 کے روشن خیال پروگرام کے تحت خواتین کو گاڑی چلانے، لڑکیوں کو تعلیمی اداروں میں موبائل استعمال کرنے اور سینما گھروں کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ سال 2016 کے وسط میں سعودی حکومت نے وژن 2030 کے تحت خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے اہم فیصلے کے بعد طالبات کو یونیورسٹیوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت بھی دی جبکہ حکومت نے روشن خیالی کی سمت ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر عرب لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کا میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے اصلاحتی پالیسیوں کا دنیا بھر میں خیر مقدم کیا جارہا ہے، موبائل فون بنانے والی دو بڑی کمپینوں اور فلم پروڈیوسرز نے حکومت سے کاروبار کرنے کی اجازت مانگ لی۔ اطلاعات کے مطابق حکومتی اعلان کے بعد میں رواں سال مارچ میں سعودی عرب کے سینما گھروں کو باقاعدہ کھول دیا جائے گا، جس کے پیش نظر دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے پروڈیوسرز نے فلموں کی نمائش کے لیے حکومت سے رابطے شروع کردیئے۔ بالی ووڈ فلم 2.0 کے پروڈیوسر بھی اپنی فلم کی نمائش کے لیے حکومت سے رابطے کیا، اْن کی خواہش ہے کہ رجنی کانت اور اکشے کمار کی یہ فلم سعودی عرب کے سینما گھروں میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے۔

TOPPOPULARRECENT