Thursday , December 13 2018

سعودی خواتین کیلئے اسٹیڈیمس کے دروازے کھول دیئے گئے

جمعہ کو ریاض میں پہلی مرتبہ فٹبال میچ دیکھنے کا موقع ، نئی آزادی کااحساس
ریاض ۔ 8 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی خواتین کیلئے پہلی مرتبہ اس ملک کے تمام اسپورٹس اسٹیڈیموں کے دروازے کھول دیئے جارہے جہاں وہ جمعہ سے شروع ہونے والے فٹبال میچوں کا مشاہدہ کرسکیں گی۔ سعودی وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ الاھلی اور الباطن کے درمیان 12 جنوری جمعہ کو مقرر وہ پہلا فٹبال میچ ہوگا جس میں خواتین کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے ۔ دوسرے دن خواتین کو دوسرے میچ میں شرکت کی اجازت رہے گی ۔ تیسرا میچ 18 جنوری کو کھیلا جائے گا ۔ اس خلیجی مملت کی خواتین کو اس نئی آزادی محسوس کرنے کاموقع ملے گا کیونکہ پہلا میچ دارالحکومت ریاض میں دوسرا جدہ اور تیسرا دمام میں منعقد ہوگا ۔ اس مملکت میں خواتین پر اب بھی دنیا کی چند سخت ترین پابندیاں عائد ہیں۔ عام مقامات پر صنفی علحدگی کے سخت قوانین کے سبب خواتین ایک طویل عرصہ سے اسپورٹس تقاریب میں حصہ لینے سے محروم تھیں۔ سعودی عرب میں تولیت کے موجودہ نظام کے تحت کسی خاتون کی تعلیم ، سفر اور دیگر کئی سرگرمیوں کیلئے اپنے خاندان کے مرد رکن جیسے والد ، بردار یا شوہر کی اجازت کا حصول لازمی ہے ۔ لیکن اب قدامت پسند مملکت میں حالیہ عرصہ کے دوران خواتین پر عائد چند سخت ترین پابندیاں ہٹائی جاچکی ہیں۔ جس میں ڈرائیونگ پر امتناع بھی شامل ہے جو اس سال جون سے برخاست ہوجائیگا ۔

TOPPOPULARRECENT