Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / سعودی سرمایہ کار تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے خواہاں

سعودی سرمایہ کار تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے خواہاں

ہند ۔ سعودی باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی
اکٹوبر میں جدہ میں انڈین ایکسپو SIBN کے جنرل سکریٹری میر غضنفر علی سے بات چیت

حیدرآباد 8 جنوری (نمائندہ خصوصی) مملکت سعودی عرب کے صنعت کار و تاجرین اور سرمایہ کار ہندوستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہے جبکہ وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہندوستانی سرمایہ کار بھی سعودی عرب میں سرمایہ مشغول کریں جس کے نتیجہ میں دونوں دوست ملکوں کی باہمی تجارت میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ سعودی سرمایہ کار ہندوستان کو دنیا کی تیزی سے اُبھرتی ہوئی معیشت تسلیم کرتے ہوئے یہ بھی کہتے ہیں کہ ہندوستان صارفین کی ایک بہت بڑی مارکٹ ہے جہاں پاور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سعودی انڈین بزنس نیٹ ورک کے جنرل سکریٹری میر غضنفر علی ذکی نے راقم الحروف سے بات چیت میں کیا۔ وہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں، منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خاں اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات اور انھیں ایس آئی بی این کی سرگرمیوں سے واقف کرانے دفتر سیاست آئے ہوئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں جناب غضنفر علی ذکی نے جو حیدرآباد کے ایک معزز گھرانے کے چشم و چراغ ہیں، بتایا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کی باہمی تجارت کے فروغ کی خاطر اُس وقت کے قونصل جنرل جناب اوصاف سعید نے 2005 ء میں ایس آئی بی این کا قیام عمل میں لایا تھا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ وہ سعودی صنعتکاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ہندوستان آئے ہوئے ہیں۔ انھیں اُمید ہے کہ سعودی سرمایہ کار تلنگانہ میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں SIBN کے جنرل سکریٹری نے بتایا کہ حکومت گجرات سعودی سرمایہ کاروں کا والہانہ خیرمقدم کررہی ہے۔ سعودی وفد کے ہمراہ وہ آئندہ دنوں میں گجرات کا دورہ کررہے ہیں جہاں ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوگی۔ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے ہمراہ وہ 27 اور 28 جنوری کو وشاکھاپٹنم، 16 اور 17 فروری کو رانچی کا دورہ کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 23-25 فروری ممبئی میں میڈیکل ایسٹ ایکسپو منعقد کی جارہی ہے۔ اسی طرح 17 تا 20 فروری GES (گلوبل اکزیبیشن آن سرویسس) کا بھی انعقاد عمل میں آئے گا۔ سعودی عرب کی ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں ڈائرکٹر انٹرنیشنل ریلیشنس کے عہدہ پر فائز میر غضنفر علی خاں کے مطابق 22 ،23  اور 24 اکٹوبر کو کنونشن سنٹر جدہ میں انڈیا ایکسپو ایسکلشپو کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ یہ اپنی طرز کی پہلی ہندوستانی نمائش ہوگی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ SIBN تلنگانہ پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے بات چیت کی جائے گی۔ عنقریب SIBN کا وفد کے سی آر کے فرزند کے ٹی آر سے بھی ملاقات کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں میر غضنفر علی خاں جن کے دادا میر جمال علی منیجر پیالیس اسٹیٹ کا شمار اہم شخصیتوں میں ہوتا تھا، بتایا کہ 10 جنوری کو گجرات میں وزیراعظم ہند نریندر مودی Vibrant گجرات کا افتتاح انجام دیں گے جس کے لئے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ SIBN کونسلیٹ جنرل آف انڈیا جدہ کی سرپرستی میں کام کرتا ہے۔ ہندوستانی سفیر متعینہ سعودی عرب جناب احمد جاوید اور قونصل جنرل آف انڈیا جناب محمد نور رحمن شیخ کا بھی اسے بھرپور سرپرستی اور تعاون حاصل ہے۔ قونصل کامرس ڈاکٹر نورالحسن SIBN کے کنوینر مھدب اس کے صدر اور محمد التکول اس کے صدر ہیں۔ اس استفسار پر کہ 22 تا 24 اکٹوبر کو جدہ کی ہلٹن ہوٹل میں منعقد ہونے والی اگزیبیشن کی خصوصیات کیا ہوں گی؟ جناب میر غضنفر علی خان ذکی نے بتایا کہ اس نمائش میں ہندوستانی اشیاء اور خدمات کی نمائش کی جائے گی۔ اس نمائش کا اہتمام MBN لکژری لائنس، SIBN کے تعاون و اشتراک سے کررہی ہے۔ یہ اگزیبیشن ہندوستان اور سعودی عرب کے صنعت کاروں ، تاجرین اور سرمایہ کاروں کے لئے ایک سنہری موقع ہے۔ آپ کو بتادیں کہ میر احمد علی اور محترمہ لطیف النساء سابق لائبریرین سالار جنگ میوزیم کے فرزند غضنفر علی ذکی گزشتہ 23 سال سے سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ ان کی چھوٹی بہن ڈاکٹر انجم فاطمہ کا شمار جدہ کی مشہور گائناکالوجسٹس میں ہوتا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT