Sunday , November 19 2017
Home / عرب دنیا / سعودی سفارتخانے پر حملہ کیلئے پاسداران انقلاب کی منصوبہ بندی کا انکشاف

سعودی سفارتخانے پر حملہ کیلئے پاسداران انقلاب کی منصوبہ بندی کا انکشاف

تہران ۔ 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی ذرائع ابلاغ نے پاسداران انقلاب کی جانب سے تہران میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے پر شرپسندوں کے ذریعے حملہ کرانے کی منظم منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے اور بتایا ہے کہ ایک ہفتہ پیشتر تہران میں سعودی سفارت خانے پر حملہ پاسداران انقلاب کی طے شدہ سازش کا نتیجہ تھا۔ ایران کی اصلاح پسندوں کی مقرب سمجھی جانے والی نیوز ایجنسی ’’سحام نیوز‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے پر حملے کی منصوبہ بندی دارالحکومت کی شمال مشرقی کالونی’’ شہید محلاتی العسکری‘‘ میں تیار کی گئی تھی جس میں پاسداران انقلاب کی ذیلی ملیشیا کے اہلکاروں نے شرکت کی تھی۔ اس انکشاف نے ایرانی حکومت کی دوغلی پالیسی اور درپردہ سازشوں کی حکمت عملی کا پردہ چاک کردیا ہے۔ کیونکہ تہران حکومت کی طرف سے سعودی عرب کے سفارت خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا تھا۔ ایرانی حکومت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سفارت خانے پر دھاوا بولنے والے افراد نے قانون ہاتھ میں لے کر ایک نہایت سنگین قدم اٹھایا ہے جس پرانہیں سخت سزا دی جائے گی۔ ایرانی نیوز ایجنسی نے سعودی سفارت خانے پر حملہ کرنے والے ایک نیم فوجی اہلکار کا ایک بیان نقل کیا ہے اور سیکیورٹی وجوہات کی بناء پراس کی شناخت ظاہرنہیں کی۔ سحام نیوز کے مطابق باسیج فورس کے مذکورہ اڈے سے کچھ لوگ سعودی عرب کے سفارت خانے پر یلغار سے قبل فرمانیہ روڈ پر احتجاجی مظاہرے کے لیے بھیجے گئے۔ احتجاجی مظاہرہ کرنے والے تمام افراد بندوقوں اور دستی بموں سے بھی مسلح تھے۔ ان کے پاس بھاری مقدار میں آتش گیر مواد بھی تھا جس کی مدد سے انہوں نے سعودی عرب کے سفارت خانے کو آگ لگا دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT