Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / سعودی عرب ، خلیجی ممالک ، اردن ، فلسطین میں آج پہلا روزہ

سعودی عرب ، خلیجی ممالک ، اردن ، فلسطین میں آج پہلا روزہ

امریکہ ، سنگارپور ، انڈونیشیا ، ملیشیا ، برونی میں بھی آج سے رمضان المبارک کا آغاز، آئیس لینڈ ، سوئیڈن اور ناروے میں20 گھنٹے کا روزہ

ریاض ۔ /5 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ۔ اعلیٰ عدالتی کونسل کے مطابق سعودی عرب میں رویت کی تصدیق ہوگئی ہے  کل پہلا روزہ  ہوگا ۔ خلیجی ممالک میں کل سے رمضان کا آغاز ہورہا ہے ۔ اردن ، فلسطین ، امریکہ ، یورپ میں بھی کل یکم رمضان المبارک ہوگا ۔ سعودی عرب میں چاند نظر آنے کا اعلان ہوتے ہی مملکت بھر میں رمضان کی تیاریاں شروع ہوگیئں ۔ حرمین شریفین میں عمرہ عازمین کی کثیر تعداد عبادات میں مصروف ہے ۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نماز تراویح کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ جبکہ نمازیوں کی بڑی تعداد حرم شریف پہونچنے لگی ۔ العربیہ نیوز چیانل کے مطابق رویت کی تصدیق کے بعد /6 جون بروز پیر پہلا روزہ ہوگا ۔ یو اے ای ، اردن اور فلسطین حکام نے بھی رمضان کا چاند نظر آنے کی توثیق کی ہے ۔ ساری دنیا میں 1.5 بلین مسلمان  مقدس ماہ رمضان المبارک کا خصوصی خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کرتے ہیں ۔ سنگاپور میں بھی مسلمان پیر سے روزہ رکھیں گے ۔ سنگاپور اسلامک مذہبی کونسل کے مطابق برونی دارالسلام ، انڈونیشیا ، ملائیشیا اور سنگاپور کی مذہبی امور کی وزارتوں کے اجلاس کے بعد رویت کی تصدیق کی گئی ہے ۔

اتوار کی شام رمضان کا چاند نظر آیا ۔ سنگاپور کے مفتی ڈاکٹر محمد قطرس بکرام نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ساری دنیا میں بھائی چارہ ، انسانی دوستی کو مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہوتا ہے ۔ اس سال رمضان المبارک کا روزہ سعودی عرب میں 15 گھنٹوں کا ہوگا ۔ خلیجی ملکوں کے بشمول سعودی عرب کے دو مقدس مقامات پر گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا ۔ یہاں 50 ڈگری سلسیس درجہ حرارت  ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ سعودی عرب کے بعض مقامات پر درجہ حرارت 65 ڈگری ہونے کا اندیشہ ہے ۔ عالمی سطح پر رمضان المبارک کے روزہ کی طوالت سب سے زیادہ آئس لینڈ ، سوئیڈن اور ناروے میں ہوگی جہاں 20 گھنٹے روزہ رکھا جائے گا ۔ ہندوستان اور برصغیر میں تقریباً 14 گھنٹے اور بعض مقامات پر 16 گھنٹے کا روزہ ہوگا ۔ یمن ، لبنان ، شام ، قطر ، کویت ، مصر ، افغانستان میں بھی کل پہلا روزہ ہوگا ۔ امریکی ریاست فلوریڈا تھامپا کی مسجد کے امام نے رویت کا اعلان کیا اور کہا کہ کل سے رمضان کا آغاز ہورہا ہے ۔
کیرالا میں بھی آج پہلا روزہ
تھرواننتاپورم ۔ /5 جون (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں مقدس ماہ رمضان المبارک کا کل بروزپیر سے آغاز ہوگا ۔ علماء اکرام نے اتوار کی شام رویت کی تصدیق کی ۔ سید حیدر علی صاحب تھنگل انڈین یونین مسلم لیگ کے سربراہ ، کوزی کوڑ کے ولی قاسی اور امام پالم جمعہ مسجد نے بھی رویت کی تصدیق کے بعد رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا ۔

TOPPOPULARRECENT