Thursday , November 23 2017
Home / عرب دنیا / سعودی عرب: اب عمرہ ویزا بھی سیاحت کے کام آسکے گا

سعودی عرب: اب عمرہ ویزا بھی سیاحت کے کام آسکے گا

ریاض ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے ایک نئے پروگرام کا اجراء کیا ہے جس کے تحت عازمین عمرہ اپنے ویزوں کو سیاحت کے ویزے میں تبدیل کرسکیں گے۔ کمیشن برائے سیاحت کا یہ پروگرام اس کے “سلطنت سعودی عرب مسلمانوں کی منزل” منصوبے کا اہم جز ہے جو کہ کمیشن کی جانب سے کئی سال قبل تجویز کیا گیا تھا۔ ریاض میں افتتاحی تقریب کے بعد جاری کئے جانے والے بیان میں بتایا گیا کہ شہزادہ سلطان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز کا مقصد عمرہ عازمین عمرہ کو ایسے مواقع فراہم کرنا ہے کہ وہ ملک کے اہم مقامات، اسلامی تاریخ کے مقامات، سیاحوں کی دلچسپی کے مقامات کو دیکھ سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عازمین عمرہ ، عمرے کی تکمیل کے بعد ثقافتی، طبی، تعلیمی اور تجارتی دورے اور مختلف نوعیت کی نمائشوں اور کانفرنسوں میں شرکت کرسکیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بزنس ویزا رکھنے والے افراد اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے شہری بھی عمرے کے بعد ویزے کی نوعیت تبدیل کرنے کے اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ شہزادہ سلطان بن سلمان کا مزید کہنا تھا کہ کمیشن یہ منصوبہ وزارت داخلہ، خارجہ امور اور وزارت حج کے تعاون سے مکمل کررہا ہے۔ شہزادہ سلمان کے مطابق یہ پروگرام کئی سال قبل شروع کیا گیا تھا اور اس کی ریسرچ کرنے میں کافی وقت صرف ہوگیا۔ اس وقت عمرہ ویزا کو سیاحتی ویزے میں منتقل کرنے کے وسائل سمیت کئی دیگر مشکلات حائل تھیں۔

TOPPOPULARRECENT