Thursday , December 14 2017
Home / عرب دنیا / سعودی عرب اور روس کا فوجی تعاون جاری

سعودی عرب اور روس کا فوجی تعاون جاری

دبئی۔ 7 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کے روس کے حالیہ دورے کو تاریخی حیثیت کا حامل قرار دیا گیا ہے۔ اس دورے کے نتیجے میں مملکت اور روس کے درمیان اقتصادی اور عسکری معاہدوں کے ایک پیکج پر دستخط کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی موافقت سامنے آئی۔دونوں ملکوں کے درمیان اسلحے کے سمجھوتے پر دستخط کے بعد ماسکو نے کل اعلان کیا کہ روس اور سعودی عرب کے درمیان عسکری تعاون شاہ سلمان اور صدر پوتین کی بات چیت کے ایجنڈے میں شامل تھا۔ کریملن کے مطابق یہ تعاون’’دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ، کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں‘‘۔ کل ایک پریس کانفرنس میں صدارتی ترجمان دمتری بیسکوف نے واضح کیا کہ سعودی عرب کو جدید ترین S-400 میزائل نظام کی فراہمی اور عسکری تعاون پر کسی بھی ملک کی جانب سے تشویش کا اظہار بے بنیاد ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ ’’اس تعاون کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ جاری رہے گا‘‘۔بیسکوف کے مطابق روس اور سعودی عرب کے درمیان تعاون میں پیشرفت دونوں ملکوں اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے مفاد میں ہو گی۔یاد رہے کہ شاہ سلمان کے حالیہ دورہ ماسکو کے دوران سعودی عرب کی وزارت دفاع نے روس کے ساتھ جدید ترین فضائی دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق کئی معاہدوں پر دستخط کیے۔

TOPPOPULARRECENT