Sunday , December 17 2017
Home / جرائم و حادثات / سعودی عرب میں حیدرآبادی ملازمہ کی موت

سعودی عرب میں حیدرآبادی ملازمہ کی موت

حیدرآباد ۔ 9مئی ( پی ٹی آئی ) سعودی عرب میں اپنے کفیل کے گھر فوت ہونے والی حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک خادمہ کی ماں نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیٹی سعودی کفیل کی ہراسانی و اذیت رسانی کے سبب فوت ہوگئی ہے ۔ رین بازار پولیس نے آج چادر گھاٹ کی ساکن غوثیہ خاتون کی شکایت وصول کی جس میں کہا گیا ہے کہ اس کی 34سالہ بیٹی گذشتہ سال ڈسمبر میں سعودی عرب گئی تھی جو اپنے آجر کی اذیت رسانی کے نتیجہ میں فوت ہوگئی ۔ رین بازار پولیس انسپکٹر جی رمیش نے پی ٹی آئی سے کہا کہ’’ غوثیہ نے الزام عائد کیا کہ 2مئی کو اس کو سعودی عرب سے ایک فون کال موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ اس کی بیٹی کو سینہ میں درد کی شکایت پر ایک دواخانہ میں شریک کیا گیا جہاں وہ اسی دن فوت ہوگئی ‘‘ ۔ پولیس آفیسر نے کہا کہ ’’ پولیس نے حکومت تلنگانہ کے توسط سے ( سعودی عرب میں) ہندوستانی سفارت خانہ سے درخواست کی ہے کہ متوفی لڑکی کی نعش حیدرآباد منتقل کی جائے ‘‘ ۔ غوثیہ نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیٹی اذیت رسانی کے نتیجہ میں فوت ہوئی ہے ۔رمیش نے کہا کہ ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT