Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / سعودی عرب کی 12 سال بعد فیفاورلڈکپ میں رسائی

سعودی عرب کی 12 سال بعد فیفاورلڈکپ میں رسائی

جنوبی کوریا بھی 2018 ٹورنمنٹ میں شرکت کا اہل

ہانگ کانگ۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کوریا نے ازبکستان کے خلاف ڈرا کھیلنے کے ساتھ ہی مسلسل نویں مرتبہ فٹ بال ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ سعودی عرب نے بھی جاپان کے خلاف 1-0 کی کامیابی کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا اور ایشیا کوالیفائر سے آئندہ سال روس میں کھیلے جانے والے فیفا ٹورنمنٹ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔سعودی عرب کے متبادل کھلاڑی فہد المولدنے فاتحانہ گول کرتے ہوئے سال 2006 کے بعد پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کو ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کردیا جبکہ حریف ٹیم جاپان پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے اس لئے اس شکست سے اس کی پیش قدمی پر کوئی اثر نہیں ہوا لیکن اس نتیجے نے آسٹریلیا کو گروپ بی میں تیسرے نمبر پر پہنچا دیا جہاں وہ پلے آف میں شام سے مقابلہ کرے گی جس نے ایران کے ساتھ 2-2 سے ڈرا کھیلا اور گروپ اے میں تیسرے نمبر پر رہی۔ اس کامیابی کے بعد سعودی عرب اپنی تاریخ میں پانچویں مرتبہ فٹ بال کے ورلڈکپ میں حصہ لینے کا مستحق قرار پایا ہے۔ اس سے قبل وہ 1994 میں امریکہ، 1998 میں فرانس، 2002 میں جنوبی کوریا و جاپان اور 2006 میں جرمنی میں ہوئے مسلسل چار ورلڈ کپ ٹورنمنٹس کھیل چکا ہے ۔جنوبی کوریا کے لئے لی کیونن ہو، سون ہائیونگ مئن اور لی ڈونگ گوک تینوں نے ہی گول کی کافی کوشش کی لیکن ازبکستان کے خلاف ان کا میچ بغیر گول کے ختم ہوا۔ تاہم ڈرا سے ملے نشان کی بدولت ٹیم نے ایشیا کوالیفکیشن راونڈ سے اپنے گروپ اے میں دوسرا مقام حاصل کرتے ہوئے روس کا ٹکٹ حاصل کرلیا ۔ وہ پہلے ہی کوالیفائی کرنے والی ایران سے پیچھے رہی۔ جدہ کے شاہ عبداللہ اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں سعودی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا پہلا ہاف 0-0 سے برابر رہا تھا۔

دوسرے ہاف میں اور میچ کے 63 ویں منٹ میں سعودی عرب کی جانب سے فہد المولد نے جاپان کے خلاف گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی اور یہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ایران اور جاپان کی ٹیمیں پہلے ہی ایشیائی ممالک کے گروپ اے اور بی میں سے ورلڈکپ میں شرکت کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں اور اب یہ میچ جیت کر سعودی عرب عالمی کپ میں براہ راست شرکت کے لیے کوالیفائی کرنے والا تیسرا ملک بن گیا ہے۔ ان دونوں گروپوں میں ابھی چوتھی ٹیم کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ اس میچ سے قبل سعودی عرب کے گروپ بی میں نو مقابلے کھیلنے کے بعد 16 نشانات تھے اور وہ تیسرے نمبر پر تھی لیکن اب وہ 19 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ آسٹریلیا کے دس میچ کھیلنے کے بعد 19 نشانات ہیں لیکن وہ درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے ۔جاپان نے سیتاما میں کھیلے گئے کوالیفائنگ میچ میں آسٹریلیا کو 2-0 سے شکست دی تھی اور اس طرح روس کے لیے اپنا ٹکٹ پکا کر لیا تھا۔ سعودی عرب کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں غیر متوقع طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔اس کے بعد اس کو لازمی طور پر جاپان کے خلاف یہ میچ جیتنا تھا اور اس نے ایسا کردکھا یا ہے ۔فیفا ورلڈکپ مقابلوں کے لیے سعودی عرب کی جاپان کے خلاف یہ پہلی کامیابی ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے2006ء میں جرمنی میں آخری مرتبہ فٹ بال ورلڈکپ میں شرکت کی تھی۔اس کے بعد منعقدہ کسی فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنمنٹس میں شرکت کے لیے وہ کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔

TOPPOPULARRECENT