Wednesday , November 22 2017
Home / سیاسیات / سعودی عرب کے بجٹ خسارہ میں نصف کمی ، تیل کی قیمتیں مستحکم

سعودی عرب کے بجٹ خسارہ میں نصف کمی ، تیل کی قیمتیں مستحکم

ریاض ۔ /13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کا بجٹ خسارہ جاریہ سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران نصف حد تک کم ہوگیا ہے ۔ وزارت فینانس کے مطابق مصارف میں بھاری کمی اور تیل کی قیمتوں میں استحکام کا بجٹ پر مثبت اثر پڑا ۔ تیل کی قیمتوں میں اچانک بھاری گراوٹ کی وجہ سے سعودی عرب جس کی معیشت کا انحصار تیل پر ہے ، کافی اثر پڑا تھا ۔ وزارت فینانس نے آج اعلان کیا کہ 2017 ء کے ابتدائی نصف سال میں بجٹ خسارہ 51 فیصد تک کم ہوگیا ہے اور یہ 72 بلین ریال ( 19.2 بلین ڈالرس) تک پہونچ گیا ۔ حکومت نے ویژن 2030 کے ذریعہ بڑے پیمانے پر معاشی اصلاحات کا عمل شروع کیا ۔ وزارت فینانس کے ایک اعلیٰ عہدیدار سعد ال شہرانی نے کہا کہ بجٹ خسارہ میں کمی اس ویژن کا نتیجہ ہے ۔ حکومت نے تیل کے ذریعہ آمدنی پر انحصار کم کرتے ہوئے چھوٹے اور اوسط پیمانہ پر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور صنعت و سرمایہ کاری کے شعبوں کو فروغ دیا جاسکے ۔ تیل کی قیمت میں غیرمعمولی گراوٹ کے بعد سعودی عرب کے بجٹ میں 2014 ء سے مسلسل خسارہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ جاریہ سال یہ خسارہ 53 بلین ڈالر تک پہونچ گیا تھا ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT