Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / سعودی میں غیر ملکی نوجوان فٹبالرس کے انتخاب کا اعلان

سعودی میں غیر ملکی نوجوان فٹبالرس کے انتخاب کا اعلان

عرب ٹیم کی نمائندگی کے لئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی راہ آسان
جدہ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پیدا ہونے والے مقیم غیر ملکی فٹبالرس اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ انہیں مملکت سعودی کی تمام فٹبال ٹیموں میں اپنے جوہر دکھانے کا موقع دیا جائیگا۔ اس مقصد کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ یہ براہ راست چیئرمین کے دفتر کے ماتحت ہوگی۔ محسن الجمعان، فواد انور، حمزہ ادریس، نواف التمیاط او رمحمد شلیہ اس کے ارکان ہونگے۔ کمیٹی کے ارکان نے آل الشیخ سے سعودی فٹبال آرگنائزیشن کے سربراہ عادل عزت کی موجودگی میں ملاقات کی۔ کمیٹی کے ارکان نے اس کے بعد اپنی مہم کا آغاز کردیا۔ جمعہ تک کمیٹی امیدواروں سے ملاقاتیں کریگی۔ اتھارٹی نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں موجود وہ غیر ملکی جو مملکت میں پیدا ہوئے اور ان کے پاس سعودی شہریت نہیں ہے اور وہ فٹبال میں دلچسپی رکھتے ہوں تو کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کریں۔ ملاقات روزانہ 4 بجے شام سے رات 9 بجے تک جدہ کے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز اسپورٹس سٹی میں کی جاسکتی ہے۔ 18 برس سے 28 برس تک کے غیر ملکی نوجوان قسمت آزمائی کیلئے رجوع کریں۔ امیدواروں کا تکنیکی اعتبار سے امتحان لیا جائے گا۔ ان کی جسمانی صلاحیتوں ،کھیل میں فنی مہارت اور فٹبال کی صلاحیتوں کا پتہ لگایا جائے گا۔سعودی جنرل اسپورٹس اتھارٹی نے یہ اقدام سعودی فٹبال کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے مملکت میں پیدا ہونیو الے غیر ملکیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کی غرض سے کیا ہے۔ چیئرمین ترکی آل الشیخ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دوری ممتاز میں شریک ہر ٹیم کیلئے بھی ایک، ایک کھلاڑی کا انتخاب ہوگا۔ سعودی عرب کے ہر صوبے، ہر کمشنری اور ہر علاقے سے غیر ملکی نوجوانوں کو فٹبال کے کھلاڑی کے طور پر سعودی فٹبال ٹیموں کیلئے منتخب کرنے کا پروگرام ہے۔

TOPPOPULARRECENT