Friday , November 24 2017
Home / عرب دنیا / سعودی وزیر خارجہ پاکستان کے اہم دورے پر

سعودی وزیر خارجہ پاکستان کے اہم دورے پر

ریاض ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر جمعرات کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد سعودی وزیرِ خارجہ کے دورہ پاکستان کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے۔ اس دورے کے دوران عادل الجبیر وزیر اعظم نواز شریف اور فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ وزیر اعظم کے مشیر برائے امورخارجہ امور سرتاج عزیز کے ساتھ ایک مشترکہ اخباری کانفرنس بھی کریں گے۔ سعودی وزیر خارجہ کا یہ دورہ ابتدائی طور پر تین جنوری کو ہونا تھا تاہم خطے کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے اسے موخر کر دیا گیا تھا۔ شیعہ عالم شیخ نمر النمر کو سعودی عرب میں سزائے موت دیے جانے کے بعد ایران اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے ایران سے سفارتی تعلقات توڑے جانے کے بعد پہلے بحرین، سوڈان اور کویت اور اب قطر نے بھی ایران سے اپنے سفیر واپس بلا لیے ہیں۔ اس صورتحال میں پاکستان نے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اختلافات پرامن انداز میں حل کریں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس سلسلے میں جو بیان جاری کیا تھا اس میں کہا گیا کہ دہشت گرد اور شدت پسند طاقتیں مسلم امہ کے درمیان کسی پھوٹ کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔موجودہ مشکل وقت میں مسلمانوں کے اتحاد کے لیے تمام اختلافات کو پرامن انداز سے حل کیا جانا چاہیے۔ سعودی وزیرِ خارجہ کا دورہ پاکستان سعودی عرب اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے علاوہ سعودی قیادت میں اسلامی ممالک کے دہشت گردی کے خلاف اتحاد کے قیام کے تناظر میں بھی اہمیت رکھتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT