Wednesday , June 20 2018
Home / دنیا / سعودی ولیعہد نے ڈا ونچی کا شاہکار کروڑوں ڈالرس میں خرید لیا

سعودی ولیعہد نے ڈا ونچی کا شاہکار کروڑوں ڈالرس میں خرید لیا

واشنگٹن۔ 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)ڈا ونچی کی مشہور زمانہ پینٹنگ کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خریدا ہے۔ اس نیلامی میں انہوں نے ایک قابلٍ بھروسہ شخص کے ذریعہ شرکت کی تھی۔امریکی جریدے ’’وال اسٹریٹ جرنل‘‘ کے مطابق گزشتہ ماہ پندرہویں صدی کے تاریخ ساز اطالوی مصور لیونارڈو ڈا ونچی کے مصورانہ شاہکار کو سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خریدا ہے۔ اس شاہکار پینٹنگ کی نیلامی 450 ملین ڈالرس میں ہوئی تھی، جو ایک ریکارڈ ہے۔ابتدا میں خریداروں کے حوالے سے جو شکوک ظاہر کیے گئے تھے، اْن میں امریکی انفارمیشن ٹیکنالوجی ادارے مائیکروسافٹ کے مالک بل گیٹس کو فوقیت حاصل تھی، لیکن اس رپورٹ نے تمام شبہات کو غلط ثابت کر دیا ہے۔’’وال اسٹریٹ جرنل‘‘ کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی حکومت میں شہزادہ محمد کے قریبی دوست احباب نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی شہزادے نے ایک اور شخص کے توسط سے نیلامی میں شرکت کی تھی۔ اس شخص کے نام پر چھائی ہوئی دھند کی چادر ’’وال اسٹریٹ جرنل‘‘ نے ہٹا دی ہے۔نیلامی میں سعودی ولی عہد کی نمائندگی شاہی خاندان کے ایک انتہائی غیرمعروف شہزادہ بادیر بن عبداللہ بن محمد کر رہے تھے۔ ان کا تعلق بھی آل سعود سے ہے۔ اسی بادیر نے پینٹنگ کو خریدنے کی حتمی بولی دی تھی۔ اطالوی مصور لیونارڈو ڈا ونچی کی پینٹنگ کی نیلامی کو ریکارڈ ساز تصور کیا جاتا ہے۔
چہارشنبہ 6 دسمبر کو خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں قائم ہونے والے فرانسیسی میوزیم لْوور کی ابوظہبی شاخ میں اس کو آویزاں کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ڈا ونچی کی پینٹنگ یسوع مسیح کی ہے اور اس کا نام انہوں نے ’’سلواتر مْنڈی‘ ‘یعنی دنیا کا نجات دہندہ تجویز کیا تھا۔ ’’وال اسٹریٹ جرنل ‘‘نے یہ اطلاع امریکی خفیہ اداروں اور دوسرے نامعلوم ذرائع سے حاصل کر کے جاری کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT