Saturday , December 15 2018

سعودی ولیعہد کو جاپان کی اعزازی ڈاکٹریٹ ڈگری

ٹوکیو۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کو جاپان کے سرکاری دورے کے موقع پر ٹوکیو کی ایک نمایاں جامعہ نے بین الاقوامی سطح میں ان کی خدمات کے اعتراف میں قانون میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی ہے۔شہزادہ سلمان کو ٹوکیو کی وسیڈا یونیورسٹی کی جانب سے ایک تقریب میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی گئی ہے۔اس موقع پر انھوں نے خطاب کرتے ہوئے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے جاپان اور جاپانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔وسیڈا یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر کاریو کماٹا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ سلمان کی سیاسی دانشمندی ،علم اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کی تعمیر وترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ شہزادہ سلمان کو دنیا کے مختلف علاقوں میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی اور غریبوں کی امداد کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں بہت سے تمغہ اور ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں دی۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد نے اپنی تقریر میں کہا کہ سعودی عرب مذاکرات اور اعتدال پسندی پر عمل پیرا ہے اور وہ جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔اس نے اسلامی تعلیمات پر مبنی رواداری کی پالیسی اختیار کررکھی ہے،اس کا مقصد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنا ہے اور مختلف ادیان اور ثقافتوں کے پیروکاروں کے درمیان مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔نیز جاپان کی ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں ترقی کی تعریف کی اور کہا کہ ہمارا ملک آپ کے ملک سے ہزاروں کلومیٹر دور ہے لیکن یہ بھی درست ہے کہ ہم ٹیکنالوجی کی بدولت ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں اور میں آپ سے یہ کہنا چاہوں گا کہ آپ ہمارے اور نزدیک آئیں۔ولی عہد نے اپنی تقریر میں عالمی سطح پر قیام امن میں سعودی عرب کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔شہزادہ سلمان نے قانون کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے کے علاوہ جاپان میں اسلامی مرکز کے قائم مقام چئیرمین ڈاکٹر موسیٰ محمد عمر سے ملاقات کی۔ڈاکٹر عمر کے ہمراہ مسلم مراکز اور تنظیموں کے عہدے داروں کی بڑی تعداد بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کے لیے ان کی قیام گاہ پر آئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT