Wednesday , December 12 2018

سعید آباد میں المناک سڑک حادثہ ‘ نوجوان ہلاک

حیدرآباد 19 جولائی (سیاست نیوز) سعیدآباد امین کالونی روڈ پر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں 19 سالہ نوجوان برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق یاقوت پورہ ایس آر ٹی کالونی کے ساکن شیخ رشید آج شام اپنی بہن سمیہ بیگم جو کامنینی ہاسپٹل میں نرسنگ کی ٹریننگ حاصل کررہی ہیں، اُنھیں لے کر مکان واپس ہورہے تھے کہ سعیدآباد امین کالونی مین روڈ پر رما دیوی پبلک اسکول کی بس نے اُنھیں ٹکر دے دی۔ جس کے نتیجہ میں سر پر گہرا زخم آیا اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ اس حادثہ کے بعد مقامی عوام کثیر تعداد میں جمع ہوگئے اور اسکول بس ڈرائیور کی لاپرواہی پر برہمی ظاہر کی۔ پولیس سعیدآباد کی ایک ٹیم بھی وہاں پہونچ گئی اور نوجوان کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ انسپکٹر سعیدآباد پولیس اسٹیشن مسٹر کے ستیہ نے بتایا کہ رما دیوی پبلک اسکول بس ڈرائیور کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 304A کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔ انھوں نے کہاکہ علاقہ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جارہی ہے تاکہ حادثہ کی وجوہات کا پتہ چل سکے۔ مقامی عوام نے علاقہ سعیدآباد میں مین روڈ پر غیر مجاز پارکنگ کو بھی ایسے حادثات کی وجہ بتایا اور مطالبہ کیاکہ علاقہ میں غیر مجاز طور پر کی جانے والی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔

TOPPOPULARRECENT