Saturday , April 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / سعید اجمل بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش

سعید اجمل بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش

کراچی۔14 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے آف اسپنر سعیداجمل نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا فیصلہ کرلیا اور وہ راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران تمام طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیں گے۔30 برس کی عمر میں کریئر کا آغاز کرنے والے سعید اجمل نے اپنی آف اسپن اور دوسرا سے حریف بیٹسمینوں کو پریشان کیا تھا اور ورلڈ ٹی20 سمیت متعدد مواقع پر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔آف اسپنر نے ورلڈ کپ میں بھی شاہد آفریدی کے ہمراہ عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کے خلاف 2012 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں شاندار بولنگ کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔سعید اجمل نے سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہتا اور اب وقت آ گیا ہے کہ میں کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر لوں۔انہوں نے کہا کہ میں خود پر سفارش کی مہر نہیں لگوانا چاہتا اور ٹی20 چیمپیئن شپ کے بعد سبکدوش ہو جاؤں گا۔40 سالہ آف اسپنر کے کیریئر میں ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب مشتبہ بولنگ ایکشن کے سبب ان کی بولنگ پر پابندی عائد کردی گئی اور اس کے بعد ان کا کیریئر زوال پذیر ہو گیا۔انہوں نے عظیم پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق کے ساتھ ایکشن بہتر بنانے پر کام کیا اور آئی سی سی نے 2015 میں ان کے ایکشن کو درست بھی قرار دے دیا تاہم ایکشن میں تبدیلی کے بعد ان کی بولنگ میں پہلی جیسی افادیت نہ رہی جس کے سبب وہ ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔2015 میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بدترین بولنگ نے ان کے کیریئر کے اختتام پر مہر ثبت کردی اور وہ متعدد کوششوں کے باوجود بھی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔سعید اجمل نے 35 ٹسٹ میں 178، 113 ونڈے میچوں میں 184 اور 64 ٹوئنٹی20 میچوں میں 85 وکٹیں حاصل کیں۔

TOPPOPULARRECENT