Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سعید اجمل کو ریٹائرمنٹ پرغورکرنا چاہئے :پی سی بی

سعید اجمل کو ریٹائرمنٹ پرغورکرنا چاہئے :پی سی بی

اسلام آباد۔22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدہ دار نے کہا ہے کہ آف اسپنر سعید اجمل کو اب سنجیدگی کے ساتھ اپنی ریٹائرمنٹ پر غور کرنا چاہئے کیونکہ تبدیل شدہ بولنگ ایکشن کے بعد وہ اب پہلے کی طرح مؤثر قوت نہیں رہے۔ اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر پی سی بی عہدہ دار نے کہا کہ اجمل اب اتنے مؤثر نہیں رہے جتنے پابندی سے قبل تھے کیونکہ ان کی بولنگ میں لائن اور لینتھ کا فقدان نظر آتا ہے اور وہ متعدد مقامات پر وکٹوں کے حصول میں بھی ناکام رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں حالیہ عرصے میں پاکستانی ٹیم کیلئے منتخب نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ غیر مؤثر بولنگ کی وجہ سے آف اسپنر کو زمبابوے اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے ڈراپ کرنا پڑا حالانکہ سعید اجمل نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب واپسی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کارکردگی سے ناقدین کو خاموش کر دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید اجمل خود بھی اپنی ریٹائرمنٹ پر غور کر رہے ہیں۔ تاہم انٹرنیشنل کرکٹ سے شایان شان رخصتی کیلئے آخری میچ یا سیریز کے منتظر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT