Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / سعید جعفری کا انتقال

سعید جعفری کا انتقال

ممبئی ۔ 16 ۔ نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ کے ہرفن مولا سینیئر اداکار سعید جعفری کا اتوار کے روز انتقال ہو گیا۔ وہ 86 سال کے تھے۔ ’شطرنج کے کھلاڑی‘ فلم کے لیے انھیں بہترین معاون اداکار کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ان کی بھتیجی شاہین نے جب اپنے فیس بک پر یہ خبر دی تو ان کے فن کے چاہنے والے صدمے میں آ گئے۔ اس کے بعد وزیر اعظم کے دفتر سے ان کی موت پر پیغام جاری کیا گيا جس میں انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔سعید جعفری اپنی متنوع اداکاری کے لیے معروف تھے۔ ان کی یادگار فلموں میں ’شطرنج کے کھلاڑی،‘ ’چشم بد دور،‘ ’گاندھی‘ اور ’اے پیسج ٹو انڈیا‘ وغیرہ شامل ہیں۔سعید جعفری پہلے بالی ووڈ اداکار تھے جنھیں ڈرامے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ’آرڈر آف دا برٹش امپائر‘ دیا گیا۔ انھیں بیرون ملک انتہائی قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔انھوں نے ریچرڈ ایٹن برو کی فلم ’گاندھی‘ میں سردار پٹیل کا کردار نبھایا تھا۔سعید جعفری پنجاب کے شہر مالیر کوٹلہ میں پیدا ہوئے تھے اور انھوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔انھوں نے اداکارہ مدھر جعفری سے شادی کی تھی جن سے ان کے تین بچے ہیں۔ ان سے علیحدگی کے بعد انھوں نے اپنی ہدایت کار جینیفر سکوریل سے شادی کی۔انھوں نے معروف ٹی وی سیریز ’تندوری نائٹس،‘ ’دا فار پویلیئنز‘ اور ’دی جیول ان دا کراؤن‘ میں اداکاری کی۔ انھوں نے معروف ہالی وڈ اداکار شان کونری، مائیکل کین اور پیئرس بروسنن کے ساتھ بھی فلمیں کیں۔ان کی فلموں میں ’معصوم،‘ ’جدائی،‘ ’عجوبہ،‘ ’دل،‘ ’رام تیری گنگا میلی ہو گئی،‘ ’حنا،‘ ’رام لکھن،‘ ’خون بھری مانگ،‘ اور ’نصیب‘ وغیرہ شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT