Monday , November 20 2017
Home / دنیا / سلامتی کونسل میں اصلاحات ، ٹرمپ انتظامیہ کی اولین ترجیح

سلامتی کونسل میں اصلاحات ، ٹرمپ انتظامیہ کی اولین ترجیح

واشنگٹن ۔ /16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ نکی ہیلی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی اصلاحات ٹرمپ انتظامیہ کی کلیدی ترجیحات میں شامل ہیں ۔ کیونکہ بشمول ہندوستان مختلف ممالک بھی اس کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ نکی ہیلی یہ ریمارک ایک ایسے وقت کی ہیں جس کے ایک ہفتہ بعد امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پہلی مرتبہ خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی اصلاحات ہنوز موضوع گفتگو بنی ہوئی ہیں ۔ نکی ہیلی نے 19 تا 25 ستمبر جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے آغاز سے قبل وہائٹ ہاؤز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں جانتی ہوں کہ یہ (اصلاحات) ایک ایسی بات ہے جو ہندوستان بھی چاہتا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’دیگر کئی ممالک بھی یہی (سلامتی کونسل) اصلاحات چاہتی ہیں ۔ چنانچہ ہمیں انتظار کرنا اور دیکھنا ہوگا ‘‘ ۔ ہند نژاد امریکی نکی ہیلی نے آئندہ ہفتہ اقوام متحدہ میں امریکہ کی ترجیحات پر قومی سلامتی مشیر لیفٹننٹ جنرل ایچ آر مک ماسٹر کے ساتھ اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’دوشنبہ کو صدر (ٹرمپ) اقوام متحدہ کی سینئر قیادت اور زائد از 120 ملکوں میں شامل ہوں گے تاکہ اس ادارہ کی اصلاح پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔ صدر (ٹرمپ) اصلاحات کی مساعی میں سکریٹری جنرل (اینٹونیو) کوتریس کی تائید کا اظہار کریں گے ۔
اقوام متحدہ میں بنیادی نظریات کی تکمیل کیلئے خاطر خواہ صلاحیتیں موجود ہیں لیکن یہ صرف اس صورت میں ہی ممکن ہوسکتا ہے جب یہ مزید موثر انداز میں چلایا جائے ‘‘ ۔ جنوری کے دوران جدید ٹرمپ انتظامیہ میں شامل ہونے کے بعد نکی ہیلی اپنی سفارتی صلاحیتوں پر خوب داد و ستائش حاصل کرتی رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر (ٹرمپ) اقوام متحدہ کی اصلاحات کو اجاگر کریں گے ۔ نکی ہیلی نے کہا کہ ’’یہ بے پناہ اہم ہے کہ ہمیں سکریٹری جنرل کی قیادت میں اصلاحات کا ایک وسیع تر پیکیج موصول ہوا ہے جو نہ صرف اس کے عمل کو تیز رفتار بنائے گا بلکہ درکار بجٹ بھی حاصل ہوگا کیونکہ اس پر پیشرفت ہوگی اور یہ (عمل) اقوام متحدہ کو مزید موثر بناسکتا ہے ‘‘ ۔

TOPPOPULARRECENT