Saturday , December 15 2018

سلامتی کونسل میں ہندوستان کو مستقل رکنیت کی تائید

عالمی ادارہ میں اصلاحات ناگزیر، وزیر خارجہ ہالینڈ کا بیان
نئی دہلی 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لئے ہندوستان کی کوششوں کی تائید کرتے ہوئے نیدرلینڈ نے آج کہاکہ اگر اس سرکردہ عالمی ادارہ میں توسیع کی جاتی ہے تو یہ ملک (ہندوستان) مستقل رکنیت کے لئے ایک اہم ترین امیدوار ہوسکتا ہے۔ ہالینڈ کے وزیر خارجہ برت کوئینڈرس نے اس تاثر کا اظہار کیاکہ اپنی ساکھ و اعتبار کو ہم آہنگ رکھنے کے لئے سلامتی کونسل جیسے اداروں میں بنیادی اصلاح کی جانی چاہئے۔ ’’اگر سلامتی کونسل میں مزید مستقل نشستیں شامل کی جاتی ہیں تو میرا ملک یقینا ہندوستان کو ایک کلیدی امیدوار کی نظر سے دیکھے گا‘‘۔ اقوام متحدہ میں اصلاحات کے عمل میں پیشرفت کو جاری رکھنے کی ایک کوشش کے طور پر ہندوستان اور دیگر جی 4 ملکوں نے جن میں برازیل، جرمنی اور جاپان بھی شامل ہیں، حال ہی میں کہا تھا کہ وہ جدید نظریات قبول کرنے تیار ہیں نیز اصلاح شدہ سلامتی کونسل میں وہ کسی فیصلہ سے قبل مستقل رکن کی حیثیت سے ویٹو کا استعمال نہیں کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT