Friday , December 15 2017
Home / دنیا / سلامتی کونسل کی مستقل ہندوستانی رکنیت کو امریکہ کی تائید

سلامتی کونسل کی مستقل ہندوستانی رکنیت کو امریکہ کی تائید

واشنگٹن ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک قرارداد امریکی ایوان نمائندگان میں دو بااثر ارکان مقننہ نے پیش کی ہے جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کو مستقل رکنیت دینے کی تائید کی گئی ہے اور کہا گیا ہیکہ اب وقت کا تقاضہ ہیکہ بڑھتی ہوئی عالمی خوشحالی میں ہندوستان کے کردار کو تسلیم کیا جائے۔ فی الحال اس قرارداد کے 7 معاون سرپرست ہیں۔ رکن مقننہ بیرا نے کہا کہ دنیا کی قدیم ترین اور وسیع ترین جمہوریتیں ہونے کے اعتبار سے امریکہ اور ہندوستان کی مشترکہ اقدار اور کئی محاذوں پر فروغ پذیر شراکت داری ہے، خاص طور پر دفاعی تعاون میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہندوستان امریکہ کے ساتھ دفاعی شراکت دار کا اہم کردار ادا کررہا ہے اور جنوبی ایشیاء میں استحکام کا ایک ستون ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ ارکان کی منظوری 7 سال قبل کی گئی تھی۔
روہنگیا ہندوؤں کے تحفظ کیلئے بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالنے وی ایچ پی کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے مرکز سے اپیل کی ہیکہ بنگلہ دیش اور میانمار حکومتوں پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ ریاست راکھین میں روہنگیا ہندوؤں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انتہاء پسند دائیں بازو کے گروپ نے کہا کہ ایک وفد وزرائے خارجہ اور کمشنروں سے جو دونوں ممالک کے ہوں، ملاقات کرکے انہیں روہنگیا ہندوؤں کے حال زار سے واقف کروائے گا۔ میانمار، بنگلہ دیش اور ہندوستان میں روہنگیا ہندوؤں کیلئے پہلے ہی سے راحت رسانی کیمپ کے آغاز کا وی ایچ پی کے جوائنٹ جنرل سکریٹری سریندر کمار جین نے انکشاف کیا۔ وی ایچ پی نے روہنگیا پناہ گزینوں پر حکومت ہند کے موقف کی بھی ستائش کی۔ مبینہ طور پر میانمار کی فوج نے 28 ہندوؤں نعشوں کی ایک مشترکہ اجتماعی قبر دریافت کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT