سلمان خان کی پرینکا چوپڑہ کی شادی میں عدم شرکت

جودھپور سے جڑی کڑوی یادیں۔ صرف بہن ارپتا شریک
اپنے منگیتر نک جوناس کے ساتھ جودھپور کے عالیشان امید بھون پیالیس میں 2 دسمبر کو شادی کے بندھن میں بندھ گئی پرینکا چوپڑہ کو اپنی شادی میں ایک خاص دوست کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔ پرینکا کے یہ خاص دوست ہیں سلمان خان اور وہ اس شادی میں شرکت نہ کرسکے۔ کہا جارہا ہے کہ امید بھون سے جڑی اپنی پرانی کڑوی یادوں کی وجہ سلمان خان نے اپنی مصروفیات کا حوالہ دیکر اس شادی سے کنی کاٹ لی۔ فلم انڈسٹری میں پرینکا چوپڑہ کو سلمان کے خاندان کی قریبی مانا جاتا ہے۔ ممبئی میں دونوں خاندان ہمیشہ ایک دوسرے کے سکھ دکھ میں ساتھ کھڑے نظر آتے رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب چوپڑہ خاندان کے سب سے بڑی خوشی کے موقع پر سلمان یا ان کے افراد خاندان سے بہن ارپتا کے سوا کوئی دوسرا شخص موجود نہیں تھا۔ پرینکا کی ماں نے شادی کا پہلا نیوتا سلمان کے خاندان کو ہی دیا تھا۔ سلمان خان کی جودھپور سے بہت کڑوی یادیں جڑی ہیں۔ 20 سال پہلے امید بھون پیالیس میں ٹھہرنے کے دوران سال 1998 میں انہوں نے جودھپور کے آس پاس کے گاؤں میں تین الگ الگ مقامات پر ہرن کا شکار کیا تھا اس معاملہ میں پکڑے جانے کے بعد سے ابھی تک ان کے خلاف 4 الگ الگ معاملے الگ الگ عدالتوں میں زیر دوراں ہے۔ ہرن شکار کے معاملے میں وہ الگ الگ موقعوں پر جودھپور جیل میں بھی بند رہ چکے ہیں۔ 20 سال سے اپنے کیس کے سلسلہ میں سلمان خان کو کئی بار جودھپور آنا جانا پڑا لیکن خاصیت یہ رہی کہ اس دوران انہوں نے دنیا کے بہترین ہوٹل امید بھون میں ایک بار بھی قدم نہیں رکھا حالانکہ سلمان نے خود کبھی اس بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولا، لیکن اپنے جودھپور کے سفر کے دوران کبھی بھی پرسکون نظر نہیں آتے ہیں۔ یہاں پہنچتے ہی ان کی رونق غائب ہو جاتی ہے اور چہرے پر تناؤ چھاجاتا ہے۔ ایسے میں مانا جارہا ہے کہ پرانی کڑوی یادوں سے بچنے کے لئے سلمان خان نے اپنی خاص دوست پرینکا کی شادی سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT