Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / سلم بستیوں کو عصری طرز کے رہائشی اپارٹمنٹس میں تبدیل کرنیکی تجویز

سلم بستیوں کو عصری طرز کے رہائشی اپارٹمنٹس میں تبدیل کرنیکی تجویز

حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقوں میں موجود سلم بستیوں کو عصری طرز کے رہائشی اپارٹمنٹس میں تبدیل کرنے کے متعلق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے منصوبہ کی تیاری کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کی جانب سے پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے علاقوں میں موجود سل

حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقوں میں موجود سلم بستیوں کو عصری طرز کے رہائشی اپارٹمنٹس میں تبدیل کرنے کے متعلق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے منصوبہ کی تیاری کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کی جانب سے پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے علاقوں میں موجود سلم بستیوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ رہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں رضامند کروانے اور منصوبہ بندی میں مقامی منتخبہ عوامی نمائندوں اور مکینوں سے مشاورت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق جی ایچ ایم سی حدود میں موجود 1400 سلم بستیوں کو ترقی دیتے ہوئے اُنھیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کا منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انھیں احکامات کے پیش نظر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کے سلم بستیوں کا سروے کرتے ہوئے موجود اراضیات کے علاوہ درکار سہولتوں کی فہرست کی تیاری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے سلم بستیوں میں زندگی گزارنے والے خاندانوں کو 20 تا 50 مربع گز پر مشتمل فلیٹس کی فراہمی پر غور کررہی ہے۔ علاوہ ازیں جو سلم بستیاں تاریخی اور تہذیبی ورثہ کے قریب ہیں اُنھیں وہاں سے منتقل کرنے کے اُمور کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ جی ایچ ایم سی نے اِس پراجکٹ کو یقینی بنانے کے لئے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کے ماہرین و سرکاری انجینئرس کی خدمات کے حصول کے
ساتھ ساتھ مقامی عوام اور منتخبہ عوامی نمائندوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے پرانے شہر کو ترکی کے شہر استنبول کے طرز پر ترقی دینے کے اعلان کو مدنظر رکھتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے پرانے شہر میں موجود سلم بستیوں کو فوری طور پر رہائشی اپارٹمنٹس میں تبدیل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ اعلیٰ عہدیداروں کے بموجب آئی ڈی ایچ کالونی کے طرز پر سلم بستیوں میں اپارٹمنٹس تعمیر کئے جانے کا منصوبہ جن میں 2 بیڈروم، کچن کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اگر اِس پراجکٹ پر کام شروع ہوتا ہے تو ہندوستان میں منفرد انداز کا یہ پہلا پراجکٹ ہوگا جس میں نہ صرف غربت کے خاتمہ کے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے بلکہ شہری علاقوں کو سلم سے پاک بناتے ہوئے سلم بستیوں میں رہنے والوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے معلنہ امکنہ اسکیم سے بھی اِس پراجکٹ کو منظوری حاصل ہونے کا قوی امکان ہے اور پراجکٹ کی اہمیت اور افادیت کے متعلق مرکز کی جانب سے پراجکٹس کے لئے علیحدہ فنڈس کے حصول پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT