Tuesday , January 23 2018
Home / Top Stories / سلویٰ فاطمہ کو پائلٹ ٹریننگ کیلئے 35 لاکھ 50 ہزار روپئے منظور

سلویٰ فاطمہ کو پائلٹ ٹریننگ کیلئے 35 لاکھ 50 ہزار روپئے منظور

حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز)چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے پرانا شہر سے تعلق رکھنے والی سیدہ سلوی فاطمہ کے کمرشیل پائلٹ بننے کے خواب کو پورا کرنے کیلئے 35 لاکھ50 ہزار روپئے منظور کئے ہیں۔ اس رقم سے سلوی فاطمہ کمرشیل پائلٹ سے متعلق دو اہم ٹریننگ کورسس کی تکمیل کریں گی ۔ وہ پرانا شہر کی واحد مسلم لڑکی ہیں جنہوں نے پائلٹ کی ٹریننگ کا آغاز

حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز)چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے پرانا شہر سے تعلق رکھنے والی سیدہ سلوی فاطمہ کے کمرشیل پائلٹ بننے کے خواب کو پورا کرنے کیلئے 35 لاکھ50 ہزار روپئے منظور کئے ہیں۔ اس رقم سے سلوی فاطمہ کمرشیل پائلٹ سے متعلق دو اہم ٹریننگ کورسس کی تکمیل کریں گی ۔ وہ پرانا شہر کی واحد مسلم لڑکی ہیں جنہوں نے پائلٹ کی ٹریننگ کا آغاز کیا اور حکومت کے تعاون سے وہ ایک مکمل کمرشیل پائلٹ بن جائیں گی۔ چیف منسٹر نے آج کیمپ آفس واقع بیگم پیٹ میں سیدہ سلوی فاطمہ کو مالی امداد کی منظوری سے متعلق مکتوب حوالے کیا ۔ اس طرح ایک مسلم لڑکی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی ذمہ داری ریاستی حکومت نے لی ہے ۔

ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کی توجہ دہانی پر رکن قانون ساز کونسل جناب فاروق حسین نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے تحریری اور شخصی نمائندگی کی تھی۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے احکامات جاری کئے جس کے تحت دونوں ٹریننگ کی تکمیل کیلئے رقم مرحلہ وار انداز میں جاری کی جائے گی ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق سیدہ سلوی فاطمہ ساکن سلطان شاہی حیدرآباد نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پائلٹ سے متعلق ملٹی انجن ریٹنگ اور ٹائپ ریٹنگ ٹریننگ کورس کی تکمیل کے سلسلہ میں تعاون کی خواہش کی ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے درخواست اور دیگر تفصیلات کا جائزہ لیااور اس سلسلہ میں حکومت کو رپورٹ روانہ کی ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی رپورٹ کے تصدیق کرتے ہوئے اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے حکومت کو سفارشی نوٹ روانہ کیا ۔

حکومت کو بتایا گیا کہ ملٹی انجن ریٹنگ کورس اور ٹائپ ریٹنگ کورس کی تکمیل کیلئے 35 لاکھ 50 ہزار روپئے کی ضرورت پڑے گی ۔ پہلے کورس کیلئے 5 لاکھ اور دوسرے کورس کیلئے 30 لاکھ 45 ہزار روپئے درکاری ہوں گے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سلوی فاطمہ کے والد سید اشفاق احمد بیکری میں ملازمت کرتے ہیں اور سلوی کے شوہر ایک معمولی کمپنی میں ملازم ہے اس خاندان کی آمدنی انتہائی کم ہے اور وہ اس قدر بھاری فیس ادا کرنے سے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ حکومت نے اس مسئلہ کا جائزہ لیتے ہوئے 35 لاکھ 50 ہزار روپئے کی منظوری دی ہے ۔ احکامات کے مطابق تلنگانہ ایویشن اکیڈیمی کو ملٹی انجن ریٹنگ ٹریننگ کیلئے 5 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے جس میں فلائنگ فیس 4 لاکھ 50 ہزار ‘ SIMULATORفلائنگ فیس 35 ہزار اور انڈارسمنٹ فیس 15 ہزارروپئے شامل ہوگی ۔

فلائنگ اکیڈیمی میں سلوی فاطمہ کے داخلے اور اکیڈیمی کی جانب سے کلیم داخل کرنے کے بعد یہ رقم جاری کی جائے گی۔ ایر انڈیا حیدرآباد کو ٹائپ ریٹنگ ٹریننگ کورس کی تکمیل کیلئے چار مرحلوں میں رقم جاری کی جائے گی ۔ ڈائرکٹر جنرل سیول ایویشن کو انڈارسمنٹ فیس کے طور پر 30 ہزار روپئے ادا کئے جائیں گے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو رقم کی اجرائی کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔احکامات حوالے کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے سلوی فاطمہ کی کامیاب ٹریننگ کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلوی فاطمہ پرانا شہر کی واحد مسلم پائلٹ کی حیثیت سے دیگر لڑکیوں کیلئے مثال ثابت ہوں گی۔ سلوی فاطمہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو ‘ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان‘ رکن قانون ساز کونسل جناب فاروق حسین ‘اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر کی مساعی پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر جناب فاروق حسین ‘جناب عمر جلیل ‘ چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری بھوپال ریڈی اور سلوی فاطمہ کے والد جناب سید اشفاق احمد موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT