Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / سماجواد ی پارٹی کو اقلیتوں کی غیر متزلزل تائید حاصل

سماجواد ی پارٹی کو اقلیتوں کی غیر متزلزل تائید حاصل

چیف منسٹر اکھلیش یادو نے تمام انتخابی وعدے پورے کئے ۔ پارٹی سربراہ ملائم سنگھ کا ادعا
لکھنو 13 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ دعوی کرتے ہوئے کہ ان کی پارٹی کو اقلیتوں کی غیر متزلزل تائید حاصل ہے سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ اتر پردیش میں مسلم برادری کبھی بھی کسی پارٹی کے ساتھ اتنے طویل عرصہ تک وابستہ نہیں رہی ۔ ملائم سنگھ یادو سابق مرکزی وزیر بینی پرساد ورما کی کانگریس سے علیحدگی اور سماجوادی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے بات کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو اقلیتوں کی غیر متزلزل تائید حاصل ہے اور وہ ہم میں یقین رکھتے ہیں۔ وہ اتنے طویل عرصہ تک کسی جماعت کے ساتھ نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں دوسری تمام سیاسی جماعتوں نے اقلیتوں کو مسلسل نظر انداز کیا تھا اور سب سے پہلے سماجودای پارٹی نے ان کے مسائل پر توجہ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں کم از کم تین تا چار مسلم کانسٹیبلس ہیں۔ ہم ہی وہ جماعت ہیں جو اقلیتوں کے مفادات کیلئے کام کرتے ہیں۔

اپنے فرزند و موجودہ چیف منسٹر اکھیلیش سنگھ یادو کی ستائش کرتے ہوئے ملائم سنگھ نے کہا کہ چیف منسٹر نے 2012 کے اسمبلی انتخابات سے قبل کئے گئے تقریبا تمام وعدوں کو پورا کیا ہے اور اب مزید نئے پراجیکٹس بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل کے کاموں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ اگرچہ وہ ابتداء میں میٹرو ریل پراجیکٹ کے مخالف تھے لیکن اکھیلیش نے اس پر اصرار کیا تھا او ر اب وہ خود اکھیلیش سے کہہ رہے ہیں کہ یہ پراجیکٹ جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ سماجوادی پارٹی کے دوبارہ عظیم اتحاد میں شامل ہونے کے امکانات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ سوال نتیش کمار سے کیا جانا چاہئے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر اعظم خان نے کہا کہ ’’یہاں تو ہم ہی ہم ہیں۔ بہار کی بات الگ ہے ‘‘ ۔ واضح رہے کہ نتیش کمار غیر بی جے پی جماعتوں کا عظیم اتحاد بنا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT