Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / سماجی سروے میں گورنر نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا

سماجی سروے میں گورنر نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا

کمشنر بلدیہ سے معلومات حاصل کیں ، غریبوں کے لیے اسکیمات پر استفسار

کمشنر بلدیہ سے معلومات حاصل کیں ، غریبوں کے لیے اسکیمات پر استفسار
حیدرآباد۔ /19اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے گئے گھر گھر سماجی سروے میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور ان کے ارکان خاندان نے بھی حصہ لیا۔ ای ایس ایل نرسمہن تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مشترکہ گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد سومیش کمار کی قیادت میں جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے راج بھون پہنچ کر گورنر اور ان کے افراد خاندان کی تفصیلات حاصل کیں۔ گورنر نے سروے کے اہتمام پر خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر سومیش کمار سے سروے کی پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے سروے کے مقاصد اور اس سے فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے تعین کے طریقہ کار کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی۔ کمشنر بلدیہ نے جو گریٹر حیدرآباد میں سروے کے کام کے نگرانکار ہیں، گورنر کو بتایا کہ اس سروے کے ذریعہ حکومت حقیقی مستحقین کا پتہ چلانا چاہتی ہے تاکہ ایسے افراد کی نشاندہی کی جاسکے جو مستحق نہ ہونے کے باوجود غریبوں کیلئے شروع کی گئی اسکیمات سے فائدہ اٹھارہے ہیں ان میں سفید راشن کارڈ، ہاوزنگ اور دیگر اسکیمات شامل ہیں۔بعد میں کمشنر بلدیہ سومیش کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کردیا کہ سماجی سروے ایک دن میں مکمل ہوجائے گا اور اس کے دوبارہ انعقاد کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں سے پھیلائی جارہی ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ سروے کے کام میں ایک دن کی توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے کام کی تکمیل کے بعد آنے والے دنوں میں نئے سروے کے بجائے اس کو اَپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سروے کا کام پُرامن انداز میں جاری ہے اور اس کی تفصیلات سے انہوں نے گورنر کو واقف کرایا۔سومیش کمار نے کہا کہ سروے میں حقیقی معلومات کی فراہمی عوام کے حق میں بہتر ہے۔ گیس سبسیڈی اور مکانات کے ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں بقایا جات کی واپسی اور دیگر اُمور کی انجام دہی میں حکومت کو سہولت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام بینک اکاؤنٹ فراہم کریں تو یہ ان کیلئے فائدہ مند ہے تاہم عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں عوام پر کوئی جبر نہ کریں۔ بینک اکاؤنٹ کی صورت میں حکومت اپنے فوائد راست طور پر بینک کھاتے میں منتقل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں شمار کنندگان کی آمد میں تاخیر اور دیگر شکایات کے سلسلہ میں فون اور ایس ایم ایس کے ذریعہ اعلیٰ عہدیداروں کو اطلاع دینے کا انتظام کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT