Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / سماج کے حقائق کو عوام کے درمیان لانے کی ضرورت پر زور

سماج کے حقائق کو عوام کے درمیان لانے کی ضرورت پر زور

 

بالی ووڈ ہدایت کار پرکاش جھا کی جناب زاہد علی خاں اور جناب ظہیرالدین علی خاں سے ملاقات

آنے والی فلم ’’راج نیتی 2 ‘‘ پر تبادلۂ خیال

حیدرآباد۔ 15 فروری (سیاست نیوز) معروف بالی ووڈ فلم ہدایت کار پرکاش جھا نے آج دفتر سیاست پہنچ کر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خاں مینیجنگ ایڈیٹر سیاست سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی آئندہ فلم ’’راج نیتی 2 ‘‘ پر تبادلہ خیال کیا۔ پرکاش جھا نے اس ملاقات کے دوران مختلف اُمور پر بات چیت کی اور انہوں نے اپنی آنے والی فلم جو 4 مارچ کو ریلیز ہوگی، کے متعلق بتایا کہ دیانت دار پولیس عہدیداروں اور سیاست دانوں کے درمیان رقابت کو اس میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کئی ایسے حساس موضوعات پر فلمسازی کرچکے ہیں جنہیں عوام کے سنجیدہ اور تعلیم یافتہ طبقہ نے کافی پسند کیا ہے اور مستقبل میں وہ مزید ایسے حساس موضوعات کی نشاندہی کئے ہوئے ہیں جن پر
فلم سازی کی ضرورت ہے۔ جناب ظہیرالدین علی خاں مینیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے ان کی توجہ ہندوستانی یونیورسٹیز میں جاری حالات پر مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ ضروری ہے کہ عوام میں اتفاق پیدا کیا جائے اور طلبہ کی فکر کو مستحکم بنانے کی کوشش کی جائے۔ پرکاش جھا نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اس موضوع سے متعلق سنجیدگی سے غور کررہے ہیں اور اس بات کا جائزہ لینے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر یہ صورتحال کیونکر پیدا ہورہی ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے پرکاش جھا کو ادارۂ سیاست کی سرگرمیوں سے واقف کروایا۔ پرکاش جھا نے موجودہ سیاسی حالات پر کافی دیر تک ذمہ داران سیاست سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خاں کے ہمراہ اصغر علی خاں، جناب اسمعیل احمد مارکیٹنگ مینیجر سیاست موجود تھے۔ ایکٹر مانو کول نے بھی اس ملاقات کے دوران اپنی رائے پیش کی اور کہا کہ سیاسی حالات کے ساتھ ساتھ حقائق کو عوام کے درمیان لانے کی فلم کے ذریعہ کامیاب کوشش ممکن ہوسکتی ہے۔ پرکاش جھا نے ادارۂ سیاست کی جانب سے انجام دی جانے والی فلاحی سرگرمیوں کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ملازمتوں کی فراہمی کیلئے ملک میں سوشیل انفراسٹرکچر کی تیاری پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT