Saturday , May 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / سمیع بنگال اور ایشانت دہلی کیلئے کھیلیں گے

سمیع بنگال اور ایشانت دہلی کیلئے کھیلیں گے

نئی دہلی ۔14 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) دورہ جنوبی افریقہ کے پیش نظرفاسٹ بولر ایشانت شرما رانجی ٹرافی سیشن کے آخری مرحلے پر اپنی گھریلو ٹیم دہلی کے لئے سیمی فائنل مقابلے میں ٹیم کا حصہ بنیں گے جبکہ حریف ٹیم بنگال میں بولنگ کی ذمہ داری محمد سمیع کے کندھوں پر رہے گی۔رانجی ٹرافی کے 2017-18 سیشن کا سیمی فائنل لائن اپ طے ہو چکا ہے اورہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس میچ کے پروگرام کا اعلان کر دیا ہے ۔ بنگال اور دہلی کے درمیان17 تا21 دسمبر پہلا سیمی فائنل مقابلہ پونے میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی تاریخ پر کرناٹک اور ودربھ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کولکتہ میں ہوگا۔فائنل میں پہنچنے والی دونوں فاتح ٹیموں کے درمیان رانجی چیمپئن کا فیصلہ 29 دسمبر تا2 جنوری 2018 اندور کے ھولکر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے خطابی مقابلے میں ہوگا۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو موجودہ سری لنکا سیریز کے بعد جنوبی افریقہ کے دورے پر روانہ ہونا ہے اور ایسے میں بی سی سی آئی نے دہلی کی ٹیم میں تجربہ کار فاسٹ بولر ایشانت اور بنگال کی ٹیم میں سمیع کو جگہ دی ہے ۔ اس کے علاوہ ودربھ رانجی ٹیم کے لئے فاسٹ بولروں کی تکڑی کے دیگر کھلاڑی امیش یادو کو شامل کیا گیا ہے ۔ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے وکٹ کیپر ردھمان ساہا بھی بنگال کی ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ آئندہ سال پانچ جنوری کو شروع ہونے والے جنوبی افریقہ کے دورے میں یہ تینوں کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں۔ہندوستانی ٹیم کو افریقہ دورے کی تیاریوں کے لیے کم وقت ملنے کی شکایات کے درمیان یقینا رانجی میچ ان کھلاڑیوں کیلئے اہم تصور کیا جارہا ہے جہاں ان کی کارکردگی پر خاص توجہ رہے گی۔ حال ہی میں جنوبی افریقہ میں ہندوستانی ٹیم کا واحد پریکٹس میچ بھی منسوخ ہو گیا جس سے وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم کے کو ٹریننگ کا اب کوئی موقع نہیں ہے ۔

TOPPOPULARRECENT