Wednesday , December 13 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سنت ِنبویﷺ ترک کرنے کے سبب مسلمان مسائل کا شکار

سنت ِنبویﷺ ترک کرنے کے سبب مسلمان مسائل کا شکار

بھینسہ میں جلسہ شانِ مصطفیﷺ سے مولانا سید ولی اللہ قاسمی اور دیگر کا خطاب

بھینسہ /10 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ شب مسجد محمدیہ کمیٹی کی جانب سے مجلس تحفظ سنت کے زیر اہتمام گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ بھینسہ میں بعنوان ’’شان مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آیا، جس سے مولانا سید ولی اللہ قاسمی، مولانا سید عابد قاسمی اور مولانا سید بشیر احمد اشرف حسامی نے خطاب کیا۔ مولانا سید بشیر احمد اشرف نے کہا کہ دور حاضر میں ساری دنیا کے مسلمان مختلف مسائل کا شکار ہیں، کیونکہ ہم دین سے دور اور اپنے نبی کی سنت کو چھوڑکر دنیا کے پیچھے دوڑ رہے ہیں۔ انھوں نے مسلمانوں کو ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی صرف اللہ تعالیٰ اور اس کے نبیﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں اور سنتوں میں رکھی گئی ہے، جس کو اپناکر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور کردار سے برادران وطن کو واقف کرواکر دین کی دعوت کو عام کرنا چاہئے، تاکہ دیگر مذاہب کے ماننے والے بھی ہمارے نبیﷺ کی شخصیت اور کردار کو سمجھ سکیں۔ انھوں نے مسلم نوجوانوں کو تلقین کی کہ سنتوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے چہروں کو داڑھی سے آراستہ کریں۔ مولانا سید ولی اللہ قاسمی نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں آمد سے قبل چاروں طرف وحشت کا ماحول تھا، دنیا جہالت کے اندھیرے میں ڈوبی ہوئی تھی، لڑکیوں کی پیدائش پر والدین اور خاندان کے افراد انھیں زندہ دفن کردیتے تھے، دنیا میں خواتین کا کوئی مقام نہیں تھا، لیکن اللہ پاک نے ایسے ماحول میں دنیا کو دین سے منور کرنے اور تمام برائیوں کے خاتمہ کے لئے نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کو اس دنیا میں پیدا فرمایا اور ان کے قدم سے اس دنیا کو روشن کیا۔ انھوں نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کے ساتھ انصاف اور ہمدردانہ سلوک کی تلقین کرتے ہوئے عورتوں کو بلند مقام پر فائز کیا، لیکن دور حاضر کی خواتین دنیاداری میں مشغول ہوکر اپنے ہاتھوں سے اپنے وقار کو ختم اور بے پردگی سے بازاروں میں خرید و فروخت کر رہی ہیں۔ انھوں نے خواتین کو تلقین کی کہ اپنے دین کی حفاظت کریں اور بہرصورت پردہ کا اہتمام کریں۔ انھوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی کے لئے حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی زندگی کو نمونۂ عمل بنائیں۔ مولانا عابد قاسمی نے بھی سیرت النبیﷺ پر روشنی ڈالی۔ قبل ازیں جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور قاری کامران اکمل نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی، جب کہ نظامت کے فرائض مفتی شہباز نواز قاسمی نے انجام دیئے۔

TOPPOPULARRECENT