Friday , December 15 2017
Home / سیاسیات / سنجیدہ امیدوار کو ہی منتخب کریں بہار کے رکن اسمبلی نوشاد عالم کا بیان

سنجیدہ امیدوار کو ہی منتخب کریں بہار کے رکن اسمبلی نوشاد عالم کا بیان

نئی دہلی،19اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے اقلیتی امور کے سابق وزیر اور بہار کے رکن اسمبلی نوشاد عالم نے کہا کہ آپ ایسے افراد کو منتخب کریں جو نہ صرف آپ کے بنیادی مسائل کے حل کے تئیں سنجیدہ ہوں بلکہ ملک اور بین الاقوامی حالات پر نظر رکھتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ابوالفضل انکلیو کے وارڈ نمبر 102 کے امیدوار سرور اقبال خاں کی حمایت میں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ آج آپ کے پاس سنجیدہ ،محنتی، صاف شفاف اور جرائم سے پاک امیدوار منتخب کرنے کا موقع ہے ۔ آپ اس وقت اپنی پسند کے امیدوار کو منتخب کرسکتے ہیں اگر آپ اچھا امیدوار کو منتخب کرنے میں ناکام رہے تو اس کا خمیازہ آئندہ پانچ سال تک اس کو بھگتنا ہوگا۔بہار کے دوسرے رکن اسمبلی بہار یونٹ کے جنتا دل متحدہ کے نائب صدر مجاہد عالم نے کہاکہ یہاں کے حالات دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کارپوریشن کے کونسلر اپنے فرض کی ادائیگی میں ناکام رہے ہیں۔ اگر ان لوگوں نے کام کیا ہوتا تو یہاں سڑکیں اٹوٹی پھوٹی نہیں ہوتیں۔
گندگی کا برا حال ہے ۔ سڑکوں پر سیور کا پانی بہہ رہا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ۔حلقہ نمبر 102کے امیدوار سرور اقبال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کے الیکشن لڑنے کا مقصد صرف الیکشن نہیں ہے بلکہ لوگوں کی ذہنیت کو بدلنا بھی ہے ، لوگ تعلیم یافتہ اور صاف شبیہ کے افراد کو منتخب کریں، میں اگر اس پر کھرا نہیں اترتا تو مجھے بھی منتخب نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ اپنی ذہنیت بدلیں اور اپنا ووٹ موضوع اور مسائل کی بنیاد پر دیں۔انہوں نے کہاکہ میں وعدے پر نہیں کام پر یقین رکھتا ہوں اور میری پوری کوشش ہوگی کہ میں آپ لوگوں کی امیدوں پر کھرا اتروں۔ واضح رہے کہ مسٹر اقبال کی حمایت میں رکن راجیہ سبھا علی انور انصاری، محترمہ کہکشاں پروین اور دیگر اہم لیڈر انتخابی جلسے سے خطاب کرچکے ہیں۔ نظامت کے فرائض زبیر احمد خاں اور ضیاء الدین نے انجام دئے ۔ شرکاء میں پروانچل ، بہار یوپی اور اترپردیش اور دہلی کے کثیر تعداد سیاسی، سماج کارکن شریک تھے ۔

TOPPOPULARRECENT