Tuesday , June 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / سنجیو سیامسن کی طوفانی اننگز ، بنگلورو شکست سے دوچار

سنجیو سیامسن کی طوفانی اننگز ، بنگلورو شکست سے دوچار

بنگلورو۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان نے سنجیو سیامسن کی آتشی پاری کی بدولت اتوار کو ایم چنا سوامی اسٹیڈیم بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں بنگلورو کو 19 رنوں سے شکست دے دی۔ راجستھان نے شاندار شروعات کے بعد سنجیو سیامسن کے 45 گیندوں میں 92 رنوں کی پاری کی بدولت آئی پی ایل 11 سیزن کے سب سے بڑے اسکور 217 رنوں کا ہدف رکھا۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری بنگلورو کی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ اوپننگ کیلئے آئے برینڈم میک کولم صرف 4 رنز بناکر پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے، لیکن اس کے بعد بنگلورو کے بلے بازوں نے کچھ مزاحمت کی اور کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ کوئن ٹن ڈیکاک نے اپنے ہاتھ کھولے۔ کوہلی نے شروع سے ہی تیزی سے رن بنائے اور 6 اوورس کے اختتام پر دونوں بلے بازوں نے تابڑ توڑ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 64 رنز پر پہونچا دیا۔ اس وقت ویراٹ 19 گیندوں میں 36 اور ڈی کاک 13 گیندوں میں 23 رنز بناکر کریز پر موجود تھے لیکن راجستھان کو آٹھویں اوورس میں اس وقت کامیابی ملی جب ڈی کاک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں انادکٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 گیندوں میں اس سیزن کی اپنی پہلی نصف سنچری بنائی لیکن وہ 11 ویں اوور میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ کوہلی کے بعد مندیپ سنگھ 25 گیندوں میں 47 اور واسنگٹن سندر19 گیندوں میں 35 رنز کے ساتھ بنگلورو کی پاری کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن 20 اوورس میں بنگلورو کی ٹیم 6 وکٹ کے نقصان پر 198 رنز ہی بناسکی۔ اس سے قبل سنجیو سیامسن کے سامنے بنگلورو کے سبھی گیند باز ہتھیار ڈالتے نظر آئے۔ خاص طور سے تیز گیند بازوں کی جم کر پٹائی ہوئی۔ بنگلورو کی جانب سے تیز گیند باز امیش یادو 4 اوورس میں 59 رنز دے کر سب سے مہنگے ثابت ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT