Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / سنجے دت کی 27 فروری کو جیل سے رہائی حکومت مہاراشٹرا نے فلم اداکار کو معافی دے دی

سنجے دت کی 27 فروری کو جیل سے رہائی حکومت مہاراشٹرا نے فلم اداکار کو معافی دے دی

ممبئی 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سنجے دت جنھیں 1993 ء ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے مقدمہ میں مجرم قرار دیا گیا ہے، 27 فروری کو جیل سے رہا ہوجائیں گے۔ حکومت مہاراشٹرا نے اُن کی سزا کو ختم کرنے کی تجویز منظور کردی ہے۔ سنجے دت اس وقت پونے کی سخت سکیوریٹی کی حامل یراوڈا جیل میں ہیں۔ محکمہ داخلہ سے رضامندی کے بعد جیل قواعد کے تحت اُنھیں معافی دی گئی ہے۔ منسٹر آف اسٹیٹ (داخلہ) رنجیت پاٹل نے فائیل پر دستخط کردیئے جس کے بعد سنجے دت کو رہائی کی اجازت مل جائے گی اور جنوری 2015 ء میں رخصت پر رہا ہونے کے بعد تاخیر سے حاضری کیلئے اُنھیں کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ فلمی اداکار کو غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کا مجرم قرار دیئے جانے کے بعد 5 سال جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔ 56 سالہ اداکار کو 1996 ء میں جیل بھیجا گیا جہاں انھوں نے 18 ماہ گزارے اور ضمانت پر رہا ہوئے۔ 2013 ء میں سپریم کورٹ نے اُنھیں 1993 ء ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے دوران استعمال کئے جانے والے اسلحہ کے ذخیرہ کا ایک حصہ اپنے پاس رکھنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال جیل کی سزا سنائی۔ سنجے دت اب مابقی 42 ماہ کی میعاد پوری کررہے ہیں۔ مئی 2013 ء میں یرواڈا جیل بھیجے جانے کے بعد وہ دو مرتبہ پیرول اور دو مرتبہ رخصت پر جیل سے باہر آئے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT