Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / سندھو سیمی فائنل میں داخل،سمیرورما کو شکست

سندھو سیمی فائنل میں داخل،سمیرورما کو شکست

 

سیول۔15ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک اور عالمی چیمپئن شپ کی سلور میڈلسٹ ہندوستانی کھلاڑی پی وی سندھو نے اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے جاپان کی میناتسو میتانی کو یہاں کوارٹرفائنل میں 19-21، 21-16، 10-21 سے شکست دے کر کوریا اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔عالمی چیمپئن میں سلور میڈل جیتنے کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیل رہی سندھو نے جاپانی کھلاڑی سے اپنا کوارٹرفائنل مقابلہ ایک گھنٹے تین منٹ میں جیتا۔ عالمی درجہ میں چوتھے نمبر کی ہندستانی کھلاڑی نے میتانی کے خلاف اب اپنا کیرئیر ریکارڈ 1-2 کرلیا۔ سندھو سیمی فائنل میں پہنچ گئیں لیکن مردوں کے سنگلز میں ہندستان کے سمیر ورما کا چیلنج عالمی نمبر ایک کھلاڑی اور ٹاپ سیڈیڈ کوریا کے سون وان ہو سے مقابلہ کے بعد ختم ہوگیا۔کوریائی کھلاڑی نے یہ مقابلہ ایک گھنٹے نو منٹ میں سخت جدوجہد کے بعد 22-20، 10-21، 13-21 سے جیتا ۔سندھو نے پہلے گیم میں 2-6 کی سبقت حاصل کی لیکن میتانی نے واپسی کرتے ہوئے 9-11 سے آگے ہوگئیں۔ ا س کے بعد 16 پوائنٹ تک مقابلہ برابری پر چلا لیکن سندھو نے16-15 کے اسکور پر لگاتار چار پوائنٹ لیکر 16-19 کی سبقت حاصل کی۔ میتانی نے پھر اسکور 19-19 کردیا۔ سندھو نے لگاتار دو پوائنٹ لے کر پہلا گیم 19-21 پر ختم کیا۔ دوسرے گیم میں میتانی نے واپسی کی اور 13-11 کے خسارے کے باوجود لگاتار پانچ پوائنٹ لے کر 13-16 کی سبقت حاصل کی اور 16-21 پر دوسرا گیم ختم کیا۔ فیصلہ کن گیم میں سندھو نے ابتدا سے ہی طوفانی کارکردگی پیش کی اور لگاتار 8 پوائنٹ لیکر 2-9 کی سبقت حاصل کی۔

سندھو نے مرضی میں پوائنٹ حاصل کرتے ہوئے فیصلہ کن میچ میں 10-21سے ختم کرکے سیمی فانئل میں جگہ بنالی۔ دریں اثنا سمیر ورما کا ٹورنمنٹ میں سفرکوارٹر فائنل میں ہی سخت جدوجہد کے بعد ختم ہوا۔ سمیر نے پہلے گیم میں گیم پوائنٹ سے واپسی کرتے ہوئے مسلسل تین پوائنٹ لے کر 20-22 سے پہلے گیم جیت کر کوریائی کھلاڑی کو چونکا دیا لیکن دوسرے گیم میں 7-7 کی برابری کے بعد سون وان نے لگاتار نو پوائنٹ لئے اور7-16 کی سبقت حاصل بنانے کے بعد دوسرا گیم 10-21 سے جیت لیا۔ فیصلہ کن گیم میں سون وان نے شروعات سے سبقت بنائی رکھی اور اس گیم کو 13-21 سے جیت کر سیمی فائنل میں مقام بنالیا۔
پیرس 100سال بعد اولمپکس کا میزبان
پیرس۔15ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے پیرس اور لاس اینجلس کو بالترتیب 2024 اور 2028 اولمپکس کی میزبانی دینے کا اعلان کردیا۔ لیما میں منعقدہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے 131ویں اجلاس کے دوران فرانس اور امریکہ کے شہروں کو میزبانی دینے کا اعلان کیا گیا۔ہیمبرگ، روم اور بداپسٹ کی دستبرداری کے بعد صرف پیرس اور لاس اینجلس 2024 اولمپکس گیمز کی میزبانی کے امیدوار رہ گئے تھے۔دونوں شہر میگا گیمز کی میزبانی کرنا چاہتے تھے تاہم بعدازاں آئی اوسی کی جانب سے مالی تعاون کی ضمانت ملنے پر لاس اینجلس مزید چار برس تک انتظار کرنے پر آمادہ ہو گیا تھا۔ پیرس کو تقریباً ایک صدی بعد میگا گیمز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو گا جہاں اس نے آخری مرتبہ 1924 میں میگا ایونٹ کی میزبانی کی تھی جبکہ لاس اینجلس کو 1932 اور 1984 میں میگا گیمز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔آئی او سی نے رواں برس جون میں 2024 اور 2028 اولمپکس گیمز کے میزبان شہروں کا اعلان ایک ساتھ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ آئی او سی کے صدر تھامس باک نے میزبانی ملنے پر پیرس اور لاس اینجلس کو مبارکباد دی۔

TOPPOPULARRECENT