Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سندھو گولڈ میڈل تاریخ بنانے سے ایک قدم دور

سندھو گولڈ میڈل تاریخ بنانے سے ایک قدم دور

گلاسگو۔27اگست (سیاست ڈاٹ کام)ریو اولمپک میں سلور میڈل حاصل کرنے والی پی وی سندھو نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نویں سیڈ چین کی چین یوفیئی کو راست گیموں میں 21۔13، 21۔10 سے شکست دی اور عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے جہاں وہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن سکتی ہیں۔ عالمی چمپئن شپ میں دو مرتبہ برونز میڈل جیتنے والی سندھو نے یہاں چینی کھلاڑی کو 48 منٹ میں شکست دے دی۔عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر کی ہندوستانی کھلاڑی نے نویں نمبر کی چینی کھلاڑی کے خلاف کیریئر ریکارڈ 2۔1 کرلیا ہے ۔ سندھو کا فائنل میں ساتویں سیڈ یافتہ جاپان کی نوزومی اوکوہارا سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے ایک اورسیمی فائنل میں 12 ویں سیڈ ہندوستان کی سائنا نہوال کو 12۔21، 21۔17، 21۔10 سے شکست دے کر گولڈ میڈل کے مقابلے میں داخلہ حاصل کیا۔سندھو کا اوکاہارا کے خلاف کیریئر ریکارڈ 3۔3 کا ہے ۔ سندھو نے اس برس سنگاپور اوپن میں اوکوہارا کوشکست دی ہے ۔ اس سے پہلے ہندوستان کی سائنا نہوال جاپان کی نوزومی اوکاہارا کے خلاف پہلا گیم جیتنے کے بعد یہ سلسلہ برقرار نہ رکھ سکیں اور انہیں 21۔12، 17۔21۔ 21۔10 سے شکست کے بعد برونز پر اکتفا کرنا پڑا۔بارہویں سیڈ سائنا کو ساتویں سیڈ اوکو ہارا نے ایک گھنٹے 14 منٹ تک چلے مقابلے میں شکست دیکر خاتون سنگلز کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ سائنا نے پہلا گیم بڑی آسانی سے جیت لیا تھا لیکن پھر وہ اپنا یہ سلسلہ برقرار نہ رکھ سکیں اور ان کے ہاتھ سے دوسری بار عالمی چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کا موقع نکل گیا۔سائنا 2015 میں عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچی تھیں اور تب انہیں اسپین کی کیرولینا مارین سے شکست کے بعد سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔ سائنا کا عالمی چمپئن شپ میں یہ دوسرا میڈل ہے ۔عالمی رینکنگ میں 16 ویں نمبر کی سائنا کا 12 ویں نمبر کی جاپانی کھلاڑی کے خلاف اس سے قبل کیریئر ریکارڈ 6۔1 تھا۔ سائنا نے اس برس آل انگلینڈ میں اوکوہارا کو شکست بھی دی تھی۔سیمی فائنل میں سائنا نے شاندار آغاز کیا اور پہلے گیم میں 8۔2 کی برتری بنانے کے بعد انہوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ انہوں نے اپنی برتری کو 15۔6 اور 18۔10 تک پہنچاتے ہوئے 21۔12 پر پہلا گیم ختم کردیا۔ یہاں یہ لگ رہا تھا کہ سائنا آسانی سے میچ جیت جائیں گی لیکن اوکوہارا کے ارادے کچھ اور ہی تھے ۔

TOPPOPULARRECENT